• news

مقبوضہ کشمیر کے کٹھ پتلی وزیراعلیٰ کا بھارتی فوج کو پٹہ پر مزید اراضی دینے سے انکار

سری نگر (کے پی آئی) مقبوضہ کشمیر کے کٹھ پتلی وزیراعلیٰ مفتی محمد سعید نے وادی میں بھارتی فوج کو مزید اراضی پٹے پر دینے سے انکار کر دیا ہے تاہم بھارتی فوج نے لیہہ میں نئے فائرنگ رینج کے قیام کیلئے 7300 کنال سے زائد اراضی پٹے پر دینے کا تقاضا کیا ہے۔ ریاستی اخبار کے مطابق فوج نے یہ معاملہ اس سال کے اوائل میں ڈپٹی کمشنر لیہہ پرسنا راما سوامی جی کے ساتھ اٹھایا تھا اور انہوں نے اس ضمن میں محکمہ مال سے ہری جھنڈی طلب کی۔ ذرائع نے کہا کہ انتظامی محکمہ نے یہ کہہ کر فائل ڈپٹی کمشنر کو واپس بھیج دی کہ وہ فوج سے اتنی زیادہ اراضی پٹے پر لینے کی وجوہات طلب کریں۔ ذرائع کے مطابق منصوبہ کے تحت فوج منڈل تھانگ علاقہ میں فائرنگ رینج کے قیام کیلئے زمین مانگ رہی ہے۔ ذرائع نے کہا کہ فوج کرگل سمیت پورے لداخ میں قانونی اور غیرقانونی طور 2لاکھ کنال سے زائد اراضی پر قابض ہے۔ ذرائع کے مطابق صرف لیہہ ضلع میں فوج کے زیر تصرف1.82لاکھ کنال اراضی ہے جس میں سرکاری اراضی ،وصول شدہ اراضی ،طلب شدہ اراضی اور پٹے پر لی گئی اراضی شامل ہے۔

ای پیپر-دی نیشن