’’عدم برداشت پر کیوں بولے‘‘ ہندو وکیل نے عامر خان انکی اہلیہ کیخلاف مقدمہ درج کرا دیا
مظفرپور (نیٹ نیوز) بھارتی اداکار عامر خان کے بھارت میں بڑھتی ہوئی عدم برداشت پر دئیے گئے بیان کے بعد ایک ہندو وکیل نے اداکار اور ان کی اہلیہ کرن راؤ کے خلاف ایف آئی آر درج کرا دی۔ ایسی ہی ایک ایف آئی آر عامر خان کے خلاف نئی دہلی میں درج کی جاچکی ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق عامر خان اور ان کی اہلیہ کے خلاف ایف آئی آر میں مظفر پور کے ایڈووکیٹ سدھیر کمار نے الزام لگایا کہ عامر خان نے ملک میں بڑھتی عدم برداشت پر بیان دیکر لوگوں کے جذبات مجروح کئے حالانکہ بھارت میں عدم برداشت کا ماحول ایسا نہیں جیسا بیان کیا جا رہا ہے۔ ایف آئی آر کی ہدایات ریاست بہار کے ضلع مظفرپور کی چیف جوڈیشل مجسٹریٹ سشما ترویدی نے دی۔ یاد رہے کہ عامر خان نے نئی دہلی میں ایک تقریب کے موقع پر کہا تھا کہ ان کی اہلیہ کرن راؤ نے بچوں کی حفاظت کے لیے انہیں ملک چھوڑنے کی تجویز دی جو ان کے لئے 'انتہائی تشویشناک' لمحہ تھا۔ عامر نے کہا کہ "اس ملک کا شہری ہونے کی حیثیت سے ہم اخبارات میں وہ سب کچھ پڑھتے ہیں جو ہندوستان میں ہورہا ہے، میں اس بات سے انکار نہیں کرسکتا، میں بہت سے واقعات کی وجہ سے میں بہت تشویش کا شکار ہوں۔