عمران خان جھوٹے، بزدل، ملک میں موجود تمام برائیوں کے حصہ دار ہیں: پرویز رشید
گجرات ( نامہ نگار) وفاقی وزیر اطلاعا ت و نشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ پاکستان میں جتنی بجلی 60 سال میں پیدا ہوئی موجودہ حکومت نے اڑھائی سال میں اتنی بجلی کی پیداوار کے لئے منصوبے شروع کر دیے ہیں۔ 2018ء تک ملک سے لوڈ شیڈنگ، دہشت گردی سمیت بڑے مسائل کا خاتمہ کر دیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کھاریاں میں المدثر ٹرسٹ کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ ایم پی اے چوہدری شبیر احمد بھی انکے ہمراہ تھے۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ حکومت کی موثر پالیسوںکی وجہ سے پاکستان کی معیشت بہتر ی کی جانب گامز ن ہے اور تمام عالمی ادارے اسکی تصدیق کر رہے ہیں ملک میں مہنگائی کی شرح کم ترین سطح پر ہے اور تاریخ میں پہلی بار زر مبادلہ کے ذخائر 20 ارب ڈالر تک پہنچے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اکنامک کوریڈور کی تعمیر سے پاکستان معاشی سرگرمیوں کا مرکز بن جائیگا اور اس منصوبے کا فائدہ جنوبی ایشا کے دو ارب انسانوں کو ہوگا۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان اڑھائی سال سے حکومت کے خلاف ہر روز نیا جھوٹ بولتے ہیں، انکی طرف سے کھڑی کی گئی رکاوٹوںکے باوجود مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے چیئرمین نے دعویٰ کیا ہے کہ خیبر پی کے میں 10 کروڑ نئے درخت لگائے گئے ہیں، اتنی صوبہ میںجھاڑیاںنہیںجتنے درخت لگانے کا وہ دعویٰ کر رہے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ وزیر اعلی شہبازشریف نے لندن کے سرکاری دورہ کے موقع پر جو بھی ملاقاتیں کیں وہ سب میڈیا کے سامنے ہے۔ قبل ازیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد کی فلاح و بہبود حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، صوبہ پنجا ب میں 248 تعلیمی ادارے 29 ہزار خصوصی بچوں کو تعلیم دے رہے ہیں۔ پرویز رشید نے کہا کہ راولپنڈی میں میٹرو بس پراجیکٹ میںحکومت نے معذور افراد کیلئے خصوصی سہولیات فراہم کیں ملازمتوںمیں انکا کوٹہ بڑھایا اور ساڑھے 3 ہزار معذوروںکو مختلف محکموںمیںملازمتیں بھی دی گئیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے امریکہ میں خصوصی بچوں کے سنٹر اور فرانس میں دہشت گردی کی مذمت کی اور کہا کہ پاکستانی ان واقعات کے متاثرہ افراد کے ساتھ ہیں دنیا سے جہالت اور دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے پاکستان اپنا کردار ادا کرتا رہیگا۔ آئی این پی کے مطابق پرویز رشید کے کہا ہے کہ نواز، مودی خفیہ ملاقات کی بے بنیاد باتیں کرنے والے عمران خان طاہرالقادری سے لندن میں ہونے والی خفیہ ملاقاتوں کا کیوں نہیں بتاتے۔ عمران خان جھوٹ کی سیاست نہ کریں اور اتنے جھوٹ بولیں جن پر لوگ یقین بھی کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان جھوٹے اور بزدل ہیں جب وہ لاہور اور راولپنڈی جاتے ہیں تو ایم کیو ایم کے خلاف بولتے ہیں۔ جب کراچی جاتے ہیں تو ایم کیو ایم کے علاقہ میں داخل ہونے کی جرات نہیں کرتے۔ عمران خان ملک میں موجود تمام برائیوں میں حصہ دار ہیں۔ جھوٹ کے چیمپئن بن گئے ہیں۔ جھوٹ بولنے کا مقابلہ ہو تو عمران خان وکٹری سٹیڈ پر سب سے اوپر کھڑے نظر آئیں گے۔ ملک کے وزیراعظم پر جھوٹے الزامات لگانا اور ان کے خلاف منفی پروپیگنڈہ کرنا ملکی سالمیت کے خلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا پر وزیراعلیٰ شہباز شریف ریحام خان کی خفیہ ملاقاتوں کا تذکرہ کیا جا رہا ہے جو کہ بالکل بے بنیاد ہے۔