بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے میں بدترین دھاندلی ہوئی: محمود الرشید، چودھری سرور
لاہور (سپیشل رپورٹر+ خصوصی رپورٹ) اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی میاں محمودالرشید نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے میں بدترین دھاندلی کے ریکارڈ قائم ہوئے ہیں۔ دھاندلی (ن) لیگ کے سیاسی منشور کا حصہ بن چکی ہے۔ الیکشن کمشن نے اپنی ایک بار پھر اپنے نااہل ہونے کا ثبوت دیا ہے جبکہ تحریک انصاف پنجاب کے آرگنائزر چودھری محمد سرور نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے آخری مرحلے میں بدترین بدانتظامی اور بے ضابطگیاں ہوئیں۔ گزشتہ روز تحر یک انصاف کے کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے محمودالرشید نے کہا کہ حکمرانوں کو چاہیے تھا کہ وہ نئے ٹیکسز لگانے کی بجائے اپنے اخراجات کم کرتے مگر غریبوں کا خون نچوڑنے کی پالیسی پر گامزن ہے اور اس بات میں اب کوئی شک نہیں کہ موجودہ حکمران مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں اور انکا مزید اقتدار میں رہنا کسی عذاب سے کم نہیں۔ دھونس اور دھاندلی کے بغیر مسلم لیگ (ن) نے کبھی پہلے کامیابی حاصل کی ہے اور نہ ہی آئندہ کسی انتخاب میں کا میابی حاصل کر سکے گی۔ علاوہ ازیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چودھری محمد سرور نے کہا ہے کہ لگتا ہے الیکشن کمشن نے شفاف انتخابات نہ کروانے کی ’’قسم‘‘کھا رکھی ہے۔ مسلم لیگ (ن) کا تحر یک انصاف کی آواز کو دبانے کیلئے ’’گولی‘‘ کا استعمال جمہوریت اور ملک کیلئے انتہائی خطرناک ہیں‘ پولیس صوبے میں انتخابی عمل کے دوران مکمل طور پر ناکام رہی ہے اور حکمرانوں کی ’’غنڈہ گردی‘‘کا تماشہ دیکھتی رہی ہے۔ الیکشن کمشن کی ذمہ دار ی ہے کہ شفاف بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنائے مگر بدقسمتی سے بلدیاتی انتخابات کے تینوں مر حلوں کے دوران جس طر ح دھونس اور انتخابی فراڈ ہوئے ہیں اس کے بعد کوئی شک نہیں کہ موجودہ الیکشن نااہل تر ین ہے اور اس نے قسم کھائی ہوئی ہے کہ میں تماشہ دیکھنا ہے انتخابی عمل کو شفاف نہیں بننا۔ پنجاب کے بلدیاتی انتخابات کے تینوں مرحلوں میں مسلم لیگ ن نے سرکاری وسائل کا بے دریغ استعمال کیا مگر الیکشن کمشن نے تحر یک انصاف کی کسی شکایت کا نوٹس نہیں لیا بلکہ ایک خاموش تماشائی کا کردار ادا کیا ہے۔