• news

جوہر ٹائون: گارمنٹس فیکٹری میں آتشزدگی سے جاں بحق5 مزدور سرگودھا کے رہائشی تھے

لاہور (سٹاف رپورٹر+ خصوصی رپورٹر) جوہر ٹائون میںگزشتہ رات گارمنٹس فیکٹری کی 4 منزلہ بلڈنگ میں آتشزدگی سے جاں بحق ہونے والے پانچوں مزدور سرگودھا کے رہائشی تھے جن کی نعشیں ضروری کارروائی کے بعد ان کے آبائی شہر کو روانہ کردی گئیں۔ واضح رہے کہ اس سانحہ کے دوران ریسکیو ٹیمیں صرف ایک شخص کو نکالنے میں کامیاب ہوسکیں۔ آگ لگنے کی تحقیقات جاری ہیں جبکہ جاںبحق افراد کے ورثاء نے کارروائی سے انکار کر دیا معلوم ہو اہے کہ تھانہ جوہر ٹاون کے علاقہ میں میاں پلازہ کی دوسری اور تیسری منزل پر پینٹ شرٹ بنانے کی فیکٹری تھی جہاں گزشتہ رات اچانک آگ لگ گئی دیکھتے ہی دیکھتے آگ کے شعلے آسمان سے باتیں کرنے لگے، اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیموں نے فوری امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔ 7 واٹر ٹینکوں سے آگ پر قابو پانے کیلئے پانی پھینکا جاتا رہا۔ آگ اور دھوئیں کے باعث دم گھٹنے سے 3افراد موقع پر ہلاک ہوچکے تھے جبکہ دیگر 2 بے ہوش مزدور ہسپتال پہنچ کر دم توڑ گئے جن کے نام قادر بحش، غلام عباس، ظفر اقبال، نوید اور تنویر بتائے گئے ہیں۔ انکی نعشیں ورثاء کے حوالے کردی گئیں جو تدفین کیلئے آبائی علاقوں میں لے گئے۔ متوفی افراد کے ورثاء افسوسناک واقعہ پر ڈھاڑیںمار کر روتے رہے۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے میاں پلازہ جوہر ٹائون کے گارمنٹس یونٹ میں شارٹ سرکٹ سے آتشزدگی کے باعث دم گھٹنے سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ سے رپورٹ طلب کر لی اور واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیدیا۔ انہوں نے زخمیوں کو علاج معالجے کی ہر ممکن سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی دریں اثناء ڈسٹرکٹ لیبر آفیسر کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق سن شائن گارمنٹس یونٹ حال ہی میں قائم کیاگیا تھاجو کہ تاحال محکمہ لیبر حکومت پنجاب کے پاس رجسٹرڈ نہیں تھا۔ سید حسنات جاوید نے بتایا کہ شارٹ سرکٹ کے باعث دم گھٹنے سے ہلاک ہونے والے ورکرز کے لواحقین کوگارمنٹس یونٹ مالکان سے 4لاکھ روپے فی کس ازالے کی رقم دلوائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حادثے کے وقت گارمنٹس یونٹ بند تھا اور یونٹ میں سوئے ہوئے مزدوروں کی ہلاکت آتشزدگی سے دھوئیں کے باعث دم گھٹنے سے ہوئی۔ صوبائی وزیر محنت راجہ اشفاق سرور نے بھی واقعہ کی ڈسٹرکٹ لیبر آفیسر سے رپورٹ طلب کر لی اور تحقیقات کا حکم دیا۔

ای پیپر-دی نیشن