یوسف گیلانی، شیخ رشید، جمشید دستی پرویز اشرف، بلیغ الرحمان نے اپنے حلقوں میں ووٹ ڈالا، صدر ممنون نثار، عشرت العباد کاسٹ نہیں کر سکے
راولپنڈی ، ملتان ، کراچی (صباح نیوز+ آئی این پی+نوائے وقت رپورٹ) پنجاب اور سندھ کے بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے کی پولنگ کے دوران مختلف سیاسی جماعتوں کے اہم رہنمائوں نے بھی اپنے حلقوں میں ووٹ کاسٹ کیا ۔ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے اپنا ووٹ ملتان کی یونین کونسل نمبر 98 حامد کنورہ میں کاسٹ کیا۔ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے راولپنڈی کی یونین کونسل 40 وارڈ تین کے پولنگ سٹیشن پر ووٹ کاسٹ کیا۔ ایم این اے جمشید دستی نے مطفرگڑھ میں وارڈ نمبر 12 میں بغیر شناختی کارڈ کے اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔ پاکستان پیپلزپارٹی سے تعلق رکھنے والے سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے گوجر خان کی یوسی 23 پولنگ سٹیشن 44 میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔وزیرمملکت بلیغ الرحمان نے بہاولپور میں اولڈ عباسیہ سکول پولنگ اسٹیشن میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان سرکاری مصروفیات کے باعث بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے میں اپنے آبائی حلقے چکری میں ووٹ پول نہ کر سکے علاو ہ ازیں صدر مملکت ممنون حسین اور گورنر سندھ عشرت العباد نے کراچی کے بلدیاتی انتخابات میں ووٹ کاسٹ نہیں کیا، نجی ٹی وی کے مطابق سندھ کابینہ کے 18 وزراء نے بھی ووٹ نہیں ڈالا، صدر ممنون حسین نے اسلام آباد میں مصروفیات اور گورنر سندھ عشرت العباد نے سکیورٹی وجوہات پر ووٹ کاسٹ نہیں کیا۔