• news

اختیارات رینجرز نہیں قانون کے ہیں‘ پانچ‘ 10 سیاستدان پکڑنے سے ریاست کو نقصان ہو گا : خورشید شاہ

ہالہ/ اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں+سپیشل رپورٹ) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہاہے کہ رینجرز کا کوئی اختیار نہیں بلکہ اختیارات قانون کے ہیں، رینجرز کے اختیارات میں توسیع کا فیصلہ وزیراعلی سندھ کریں گے۔ پیپلزپارٹی کے رہنما مخدوم امین فہیم کے چہلم میںپیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سمیت مرکزی قائدین نے شرکت کی اور مرحوم کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی۔اس موقع پر میڈیا سے بات چیت میں خورشید شاہ نے کہا کہ مخدوم خاندان کو قومی اسمبلی کی نشست دینے کا فیصلہ پارٹی کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ بلدیاتی انتخابات میں پنجاب سے مسلم لیگ ن نمبر ون اور پیپلزپارٹی نمبر ٹو ہے۔ خورشید شاہ نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب کو متاثر نہ کیا جائے۔ پانچ دس سیاستداں پکڑنے سے ریاست کو فائدہ نہیں نقصان ہوگا۔ خورشید شاہ نے کہا ہے کہ پی آئی اے کی نجکاری کیلئے جاری کئے گئے آرڈیننس کو مسترد کرتے ہیں۔ یہ آرڈیننس مشترکہ مفادات کی کونسل کو بائی پاس کر کے جاری کیا گیا۔ یہ فیڈریشن کے لئے اچھا شگون نہیں۔ خورشید شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی نج کاری کے خلاف ہے اور قومی اداروں کی نجکاری کی شدید مخالفت کرے گی۔ حکمران پاکستان پر قرضوں کا بوجھ لادتے جا رہے ہیں اور دوسری طرف وہ پاکستان جو ہمارا گھر ہے امن کا سامان بیچ رہے ہیں۔ آئی ایم ایف کو خوش کرنے کے لئے اونے پونے داموں فروخت کرنے کی قوم اجازت نہیں دیں گے۔ خورشید شاہ نے وزیراعظم اور چاروں وزراءاعلیٰ کو خط لکھ کر آرمی پبلک سکول پشاور کے شہداءکی یاد میں سالانہ تقریبات اور وفاقی و چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں میوزیم و لائبریریوں کے قیام کی تجویز دیدی۔
خورشید شاہ

ای پیپر-دی نیشن