دھاندلی کا شور مچانے والوں کو پے در پے شکستوں سے سبق سیکھنا چاہیے : شہباز شریف
لاہور (خبر نگار) وزےراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشرےف نے تیسرے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات میں شاندار کامیابی پر مسلم لیگ (ن)کے امیدواروں کو مبارکباد دی ہے۔ وزیر اعلی نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن کے نتائج نے عام انتخابات 2013ءکی شفافیت کی توثیق کر دی ہے اور بلدیاتی انتخابات کے آخری مرحلے میں بھی خدمت ،دیانت ،امانت ،محنت اور شفافیت کی سیاست کی جیت ہوئی ہے۔ عوام نے ترقی کے مخالفوں کو مسترد کردیا ہے اور عام انتخابات 2013ءمیں نام نہاد دھاندلی کا شور مچانے والوں کو اب اپنی پے درپے شکستوں سے سبق سیکھ لینا چاہیے۔ غریبوں کی حالت بدلنے کے منصوبوں میں روڑے اٹکانے والوں کو عوام نے بلدیاتی الیکشن کے تینوں مراحل میں رد کرکے آئینہ دکھا دیاہے اور باشعور عوام نے ووٹ کی طاقت سے ثابت کیاہے کہ وہ الزام تراشی ، جھوٹ، منافقت اور ہٹ دھرمی کی سیاست سے نفرت کرتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کی شاندار کامیابی کا پیغام یہی ہے کہ عوام اپنے مسائل کا حل اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی چاہتے ہیں۔ بلدیاتی انتخابات کے تینوں مراحل میں عوام نے نواز شریف حکومت کی پالیسیوں کے حق میں فیصلہ دیا ہے جو اس امر کا بین ثبوت ہے کہ عوام ملک میں جمہوریت کا فروغ اور جمہوری اداروںکا استحکام چاہتے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے امیدواروںکی بڑی تعداد میں کامیابی پارٹی قیادت سے عوام کی والہانہ محبت کا اظہار ہے۔ بلدیاتی نتائج نے ثابت کیا ہے کہ عوام احتجاجی اور انتشار کی سیاست کو کسی طورپر پسند نہیں کرتے ۔ پرامن اور خوشحال پاکستان مسلم لیگ (ن) کا ایجنڈا ہے۔ بلدیاتی انتخابات میں کامیاب ہونے والے مسلم لیگ (ن ) کے امیدوار عوام کی خدمت میں جت جائیں- پارٹی کے کامیاب امیدوار عوام کے مسائل کے حل کیلئے دن رات ایک کر دیں اور عوام نے ان پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے اس پر پورا اتریں۔ مزید برآں شہباز شریف نے بلدےاتی الےکشن کے تےسرے اورآخری مرحلے کے دوران صوبے کے 12 اضلاع میں پرامن ماحول میں بلدیاتی الیکشن کے انعقاد پر اطمینان کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے بے پایاں فضل و کرم‘ متعلقہ اداروں کی محنت و جانفشانی کے باعث پولنگ کا عمل مجموعی طور پر پرامن رہا جس پر صوبائی کابینہ کمیٹی برائے امن و امان‘ متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ و پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے مبارکباد کے مستحق ہیں۔ وزےراعلیٰ نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم کے باعث پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کاتےسرااورآخری مرحلہ بخیروخوبی اختتام کو پہنچا ، صوبے میں قانون اور انصاف کی عملداری یقینی بنانے کےلئے کئے جانے والے اقدامات کے باعث 12اضلاع میں پرامن انداز میں پولنگ ہوئی۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے جمعیت مشائخ پاکستان کے سربراہ پیر فضل حق کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف لندن کے پانچ روزہ دورے کے بعد ترکی پہنچ گئے ہیں جہاں سے وہ کل (8دسمبر) وطن واپس پہنچیں گے۔ شہباز شریف ترک حکومت کی خصوصی دعوت پر ایک روزہ دورے پر ترکی پہنچے ہیں۔ ایئر پورٹ پہنچنے پر وزیر اعلی پنجاب کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر اعلی ترک حکام کے علاوہ پاکستانی سفیر اور ممتاز پاکستانی بھی موجود تھے۔ شہباز شریف اپنے دورے کے دوران آج ترکی کے صدر اور وزیر اعظم سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کرےںگے۔ ترک صدر اور وزیر اعظم سے ملاقات میں بدلتی ہوئی عالمی سیاسی صورتحال پربات چیت ہو گی اور موجودہ صورتحال میں ترکی اور پاکستان کا مشترکہ کردار بھی زیر بحث آئے گا۔ شہباز شریف پنجاب میں ترکی کے تعاون سے جاری منصوبوںکے متعلق ترک صدر اور وزیر اعظم کو آگاہ کریں گے۔ دورے کے دوران شہبازشریف استنبول کے میئر مسٹر قادر توباش سے بھی ملاقات کریں گے۔مزید برآں وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف اور میئر آف استنبول قادر توباش کی موجودگی میں میونسپلٹی آف بیگ لو، استنبول اور داتا گنج بخش ٹاﺅن انتظامیہ، لاہورکے درمیان دوستانہ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے گئے-یہ مفاہمت استنبول -لاہور ٹوئن سٹی منصوبے کا حصہ ہے جس کے تحت داتا گنج بخش ٹاﺅن اور میونسپلٹی آف بیگ لو کے درمیان فن و ثقافت ،سیاحت، معیشت ، تجارت، امور نوجوانان ،کھیل اور سماجی سرگرمیوںکے تعاون کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا-مفاہمتی یادداشت کے تحت دونوں اضلاع کی انتظامیہ تعلیم کے شعبے میں ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کریں گی۔ اس موقع پر وز یر اعلی شہبازشریف کا کہنا تھا کہ اس دوستانہ یادداشت سے دونوں اضلاع کے عوام کو ایک دوسرے کے مزید قریب لانے اور ثقافت کو سمجھنے کے لئے مختلف سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا - دونوں اضلاع کی انتظامیہ کے درمیان معلومات کا تبادلہ مزید آسان ہو گا۔ میئر آف استنبول قادر تو باش نے کہا کہ یہ مفاہمتی یادداشت ترک پاکستان تعلقات کو مزید مضبوط کرنے میں معاون اور باہمی اشتراک میں اضافے کے لئے اہم سنگ میل ثابت ہو گی۔
شہباز شریف