• news

پنجاب : مسلم لیگ نون 1043 آزاد 1040 تحریک انصاف 260 پیپلز پارٹی کی 100 نشستیں کراچی میں متحدہ 268 سیٹوں کے ساتھ سرفہرست

لاہور (نوائے وقت رپورٹ + نامہ نگاران) پنجاب کے 12 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کی کل2507 میں سے 2502 نشستوں کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن 1043 نشستیں جیت کر سب سے آگے ہے دوسرے نمبر پر آزاد امیدوار 1040 نشستیں جیت چکے ہیں جب کہ تیسرے نمبر پر تحریک انصاف 260 نشستیں حاصل کر چکی ہے۔ پیپلز پارٹی 100 نشستیں جیت کر چوتھے نمبر پر ہے۔ ق لیگ کی 12 جماعت اسلامی 3 جبکہ دیگر کی 21 نشستیں ہیں، 23 سیٹوں پر الیکشن ملتوی ہوئے۔ کراچی میں ایم کیو ایم 456 نشستوں میں سے 268 جیت کر واضح اکثریت حاصل کر چکی ہے۔ پیپلز پارٹی 62 اور آزاد امیدوار 40 نشستوں پر کامیاب رہے ہیں۔ ان میں ضلع کونسل کے 1124 نشستوں کے نتائج موصول ہوئے۔ مسلم لیگ (ن) 471 سیٹوں کے ساتھ سرفہرست ہے، آزاد امیدواروں نے 448 نشستیں حاصل کیں ہیں جبکہ تحریک انصاف کی 114 نشستیں اور پیپلزپارٹی نے 84 نشستیں حاصل کر چکی ہے۔ اسی طرح میونسپل کارپوریشن کی 184 نشستوں میں سے 107 پر (ن) لیگ کامیاب رہی۔ 42 سیٹیں آزاد امیدواروں کے حصے میں آئی ہیں جبکہ پی ٹی آئی کو 24 نشستیں ملی ہیں۔ پیپلزپارٹی اور عوامی مسلم لیگ ایک ایک نشست حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہے۔ دوسری جانب میونسپل کمیٹی کی کل 1172 میں سے 1167 نشستوں کے نتائج موصول ہو چکے ہیں جن کے مطابق آزاد امیدواروں کی 543 نشستیں، ن لیگ کی 464 نشستیں، پی ٹی آئی کی 119 نشستیں اور پیپلزپارٹی کو 15 نشستوں پر کامیابی حاصل ہوئی۔ اس کے علاوہ (ق) لیگ کو 6، راہ حق کو 12، جماعت اسلامی کو 3 جبکہ جے یو آئی (ف) 2 نشستیں حاصل کر سکی ہیں۔ میونسپل کمیٹی کی 5 نشستوں پر انتخابات کے نتائج ملتوی کر دیئے گئے۔ کراچی میں مسلم لیگ ن کو 35، تحریک انصاف کو 19، جماعت اسلامی کو 16، اے این پی کو 2 جبکہ دیگر جماعتوں کے 6 امیدوار جیتے۔ 2 جگہ الیکشن ملتوی ہوا۔
بلدیاتی انتخابات

ای پیپر-دی نیشن