عوام نے ایک بار پھر منفی سیاست کو مسترد کردیا: خواجہ آصف
سیالکوٹ (آن لائن) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ لوگوں نے بلدیاتی انتخابات میں ایک بار پھر منفی سیاست کو مسترد کردیا ،بلدیاتی انتخابات میں کامیابی کا راز حکومت کی بہترین پالیسیاں ہیں ،مسلم لیگ (ن) ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کیلئے اپنا کام جاری رکھے گی ،کسی بھی رکاوٹ کو خاطر میں نہیں لایا جائیگا ،عوام ملک کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے وزیراعظم کی بھرپور حمایت کررہے ہیں ۔ایک انٹرویو میں خواجہ آصف نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کی کامیابی حکومت کی بہترین پالیسیوں اور مسلم لیگ (ن) کی مقبولیت کا نتیجہ ہے۔انہوں نے کہاکہ بلدیاتی انتخابات سے ملک کے جمہوری اداروں کو مزید مستحکم کرنے اور نچلی سطح پر عوام کو بااختیار بنانے میں مدد ملے گی۔عوام کو بجلی کی لوڈشیڈنگ سے نجات دینے کے لئے کافی منصوبے شروع کیے گئے ہیں جن کو 2018ء تک پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا ۔