• news

تبدیلی بیلٹ سے آتی ہے بلٹ سے نہیں: پروفیسر ساجد میر

لاہور +مریدکے(خصوصی نامہ نگار+نامہ نگار) امیرمرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ تبدیلی بیلٹ سے آتی ہے بلٹ سے نہیں۔ بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے میں پنجاب اور سندھ میںپی ٹی آئی کی شکست عمران کے زوال کی علامت ہے۔ لبرل ازم کے خلاف تقریریں کرنے والوں کو پی ٹی آئی سے اتحاد زیب نہیں دیتا۔ کیلیفورنیا دہشتگردی میں پاکستانی نژاد خاتون کے مبینہ ملوث ہونا اس کا ذاتی فعل ہے مگر بدقسمتی سے اسے اب اسلام، مسلمانوں اور پاکستان کیساتھ جوڑا جا رہا ہے۔ جو سراسر غلط اور ناانصافی ہے۔ اسکے کسی فعل کی ذمہ داری پاکستان پر عائد نہیں کی جاسکتی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد کا کوئی مذہب نہیں ہوتا۔ فرانس اور امریکہ میں حالیہ دنوں جو اندوہناک واقعات ہوئے اسکی پوری دنیا میں بلاامتیاز مذمت کی گئی۔ فرانس میں بھی دہشتگردی کے بعد حکومت کی طرف سے مسلمانوں کو ٹارگٹ کیا جا رہا ہے۔ 3 مساجد بند کر دی گئیں اور مزید 160 کو بند کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔ دریں اثنامرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ عالم کفر کا طاغوتی اتحاد منتشر عالم اسلام کے ملکوں اور وسائل پر قبضہ کررہا ہے امریکہ میں حالیہ دہشت گردی کا ملبہ پاکستان پر گرانے کا مقصد آپریشن ضرب عضب کو ناکام کرنا اور ایٹمی پاور کو کنٹرول کرنا ہے فوج حکومت اور عوام کو متحد ہو کر امریکہ کی سازشوں کو ناکام بنانا ہوگا، عراق افغانستان ، لیبیا، شام کو تباہ اور قبضہ کرنے کے بعد عالم کفر کا اصل نشانہ پاکستان ہی ہوگا اس امر کا اظہار سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے گزشتہ روز مختصر دو رہ مریدکے کے موقع پر میڈیا سے خصوصی گفتگو کے دوران کیا اس موقع پر مرکزی ترجمان صاحبزادہ حاجی محمد امجد اجمل ضلعی امیر حافظ عبدالباسط شیخوپوری حاجی نواز مغل ودیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔

ای پیپر-دی نیشن