امریکہ داعش مخالف عالمی اتحاد کے قیام میں رکاوٹ ڈال رہا ہے، تباہ کن نتائج نکل سکتے ہیں: روس
ماسکو (اے پی پی) روسی پارلیمانی کمیٹی برائے امور خارجہ کے صدر الیکسے پوشکوو نے کہا ہے کہ امریکہ داعش مخالف عالمی اتحاد کے قیام میں رخنہ ڈال رہا ہے اور اس کے تباہ کن نتائج نکل سکتے ہیں۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق الیکسے پوشکوو نے ٹویٹ میں کہا ہے کہ امریکی پالیسی کے نتیجے میں عراق، لیبیا اور شام کے سرکاری ڈھانچے تباہ ہوئے تاہم اب واشنگٹن داعش مخالف عالمی اتحاد کے قیام میں رخنہ ڈال رہا ہے۔ الیکسے پوشکوو نے کہا ہے کہ امریکی وزارت خارجہ نے وسیع پیمانے پر داعش مخالف اتحاد قائم کرنے کی تجویز پر کوئی رد عمل ظاہر نہیں کیا جیسا کہ روس نے پیش کی تھی۔ اس امریکی ادارے کے ترجمان نے صرف یہ بات کہی کہ امریکہ کی زیر قیادت اتحاد کی کارکردگی بڑھتی جا رہی ہے۔