کراچی: فائرنگ، مذہبی جماعت کا عہدیدار قتل، شہریوں نے 2 ڈاکوؤں کو تیل چھڑک کر آگ لگا دی
کراچی (کرائم رپورٹر) نارتھ کراچی میں موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے اہلسنت و الجماعت کے علاقائی عہدیدار کو فائرنگ کرکے ہلاک اور ساتھی کو زخمی کر دیا۔ مقتول 36 سالہ شہاب حسین کی لاش اور زخمی 55 سالہ شبیر احمد کو عباسی شہید ہسپتال پہنچایا گیا۔ دوسری طرف اورنگی ٹائون میں ڈسکو موڑ کے قریب اکبر شہید چوک پر شہریوں نے تشدد کے بعد دو ڈاکوؤں کو پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی جس سے ایک ڈاکو ہلاک دوسرا شدید زخمی ہوگیا جبکہ شہریوں نے ڈاکوئوں کی موٹر سائیکل کو بھی نذرآتش کردیا۔پولیس کے مطابق دونوں ڈاکو راہ گیروں کو لوٹ رہے تھے کہ اسی دوران لوگوںکی بڑی تعداد جمع ہوگئی اور دونوں کو گھیر کر پکڑنے کے بعد نہ صرف انہیں بری طرح زدو کوب کیا بلکہ ان کے جسموں پر پٹرول چھڑک کر آگ بھی لگادی پولیس نے ڈاکوؤں کو مشتعل شہریوں کے نرغے سے نکال کر عباسی شہید ہسپتال پہنچایا ہلاک ہونے والے ڈاکو کی عمر 45 سال تھی جبکہ شدید زخمی دوسرے ڈاکو کی عمر40 سال کے لگ بھگ ہے تاہم شناخت نہیں ہوسکی ۔