سرگودھا: اخبار کے دفتر پر کریکر حملہ، گارڈ شدید زخمی، وزیراعلیٰ کا نوٹس
سرگودھا (نامہ نگار) نامعلوم افراد نے گذشتہ روز یہاں اخبار روزنامہ ’’ایکسپریس‘‘ کے دفتر پر کریکر سے حملہ کر دیا جس سے سکیورٹی گارڈ زخمی ہو گیا اور آفس کی گاڑی اور موٹر سائیکلوں کو شدید نقصان پہنچا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز مغرب کی نماز کے بعد روزنامہ ایکسپریس کے دفتر میں نامعلوم افراد کی جانب سے گیٹ کے اوپر کریکر پھینکا گیا جس سے گیٹ پر موجود سکیورٹی گارڈ شیر محمد شدید زخمی ہوگیا اور عمارت کے شیشے ٹوٹ گئے جبکہ پارکنگ میں کھڑی گاڑی اور موٹر سائیکلوں کو شدید نقصان پہنچا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے روزنامہ ایکسپریس سرگودھا کے دفتر پر کریکر حملے کی خبر کا فوری نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب سے رپورٹ طلب کر لی اور واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا ہائوسز پر حملے کسی صورت برداشت نہیں۔ واقعہ میں ملوث ملزموں کو فی الفور گرفتار کیا جائے۔