• news

پنجاب بھر میں سی این جی سٹیشنز کی سپلائی بحال کردی گئی

لاہور+ گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر+ نمائندہ خصوصی) پنجاب بھر میں گزشتہ روز سی این جی سٹیشنز کی سپلائی تاحکم ثانی بحال کردی گئی ہے، بتایا گیا ہے کہ ایل این جی کی دستیابی ہونے سے سی این جی سیکٹر کو گیس فراہم کی جا رہی ہے، تاہم گھریلو صارفین کی جانب سے گیس کی ڈیمانڈ میں اضافے کے بعد سی این جی کی سپلائی بند کی جا سکتی ہے۔ گوجرانوالہ کے نمائندہ خصوصی کے مطابق حکومت کی طرف سے پنجاب بھر کے سی این جی سٹیشنز کو غیرمعینہ مدت تک کیلئے گیس کی فراہمی بحال ہونے کی وجہ سے گھریلو صارفین کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوجائے گا بتایا گیا ہے کہ گوجرانوالہ ریجن میں ساڑھے تین سوسے زائد سی این جی سٹیشنز ہیں جن میں سے 50فیصد سے زائد گیس کی غیرمستقل بنیادوں پر فراہمی اور دیگر وجوہات کی بنا پر بند ہوچکے ہیں اور باقی کے سٹیشنز پر سی این جی کی سیل جاری ہے بتایا گیا ہے کہ گزشتہ ایک ماہ سے شہر کے اندرون اور بیرون علاقوں میں گیس کا کم پریشر‘ قلت اور لمبے وقفے کیلئے گیس کی بندش معمول ہے جس کی وجہ سے شہریوں‘ خصوصاً خواتین کو امورخانہ داری میں شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ آن لائن کے مطابق ترجمان سوئی ناردرن گیس کا کہنا ہے کہ اکتوبر کے آخری ہفتے سی این جی سٹیشنز کو سپلائی بند کی گئی تھی لیکن اب لاہور سمیت پنجاب بھر کے سی این جی سٹیشنز پر گیس بحال کردی گئی۔ سوئی نادرن حکام کے مطابق ایل این جی کی شپمنٹ پہنچنے سے سسٹم میں گیس کی فراہمی بہتر ہوگئی جس وجہ سے پنجاب بھر کے سی این جی سٹیشنز کھولے جارہے ہیں۔ سوئی نادرن گیس کے ترجمان کے مطابق ایسے سٹیشنز جو زرضمانت جمع کرا چکے ہیں ان کو فوری طور پر بحال کیا جارہا ہے۔ علاوہ ازیں سٹیشنز پر گیس سپلائی بحال کر دی گئی ، سٹیشنز مالکان، ورکرز کے ساتھ صارفین میں بھی خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ فلنگ سٹیشنز کے باہر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ سوئی ناردرن حکام کا کہنا ہے کہ ایل این جی کی دستیابی تک سی این جی سٹیشنز کھلے رہیں گے۔ سی این جی مالکان کا کہنا ہے کہ سٹیشنز کی بحالی اچھا اقدام ہے جس سے لاکھوں ورکرز جو کہ پچھلے کئی ماہ سے بے روزگار تھے انہیں روزگار ملے گا ۔

ای پیپر-دی نیشن