• news

سرگودھا: افسروں کے رویہ سے تنگ محکمہ اری گیشن کے ایکسین نے خودکشی کرلی

سرگودھا + کوئٹہ (نامہ نگار+ بیورو رپورٹ) محکمہ اری گیشن کے ایکسین نے افسروں کے رویہ سے تنگ آکر خود کو گولی مار کر خودکشی کرلی۔ محکمہ اری گیشن کے ایکسین محمد اشرف شاہد کے لواحقین کا کہنا ہے محمد اشرف شاہد پہلے فیصل آباد میں تعینات تھے جہاں پر انہیں سیکرٹری اری گیشن نے معطل کر دیا۔ ہائیکورٹ کے حکم سے دوبارہ بحالی کے بعد انہیں منڈی بہاء الدین تعینات کیا گیا جہاں پر وہ اکثر محکمانہ روئیے سے پریشان رہتے تھے۔ گزشتہ صبح ان کے کمرے سے فائر کی آواز آئی جب ان کے کمرے میں جا کر دیکھا تو انہوں نے اپنی ہی گن سے فائر کر کے خود کشی کر لی تھی۔ پولیس معاملے کی تفتیش کر رہی ہے۔ علاوہ ازیں کوئٹہ کے علاقوں پشتون آباد اور بھوسہ منڈی میں دو لڑکیوں نے زندگی ختم کرلی۔ ناہیدہ نے امتحان میں ناکامی پر زہریلی دوا پی لی، مشرقی بائی پاس بھوسہ منڈی کے علاقے میں سیما نے نامعلوم وجوہات پر خود کوگولی مار لی۔

ای پیپر-دی نیشن