• news

عمران فاروق قتل کیس:3 نامزد ملزم7 روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے

اسلام آباد(وقائع نگار+صباح نیوز)اسلام آبادکی انسداددہشت گردی کی خصوصی عدالت نے ڈاکٹرعمران فاروق قتل کیس کے تین ملزمان معظم، خالد شمیم اورمحسن کو سات روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا۔ ڈاکٹرعمران فاروق قتل کیس کے ملزمان کو سخت سکیورٹی میں انسداددہشت گردی کی خصوصی عدالت میں لایا گیا۔ پیر کو انسداد دہشتگردی عدالت کے جج کوثر عباس زیدی نے سماعت کی۔ سماعت کے آغاز پر خصوصی عدالت کا دروازہ اندر سے بند جبکہ سکیورٹی وجوہات کی بنا پر قریب واقع نیب کورٹ کے عملہ کو بھی کمرہ عدالت سے باہر نکال دیا گیا۔ ایف آئی اے نے ملزمان معظم، خالد شمیم، محسن کے دس روزہ ریمانڈ کی استدعا کی اور موقف اختیار کیا کہ ملزمان سے تفتیش کیلئے ریمانڈ منظور کیا جائے۔ عدالت نے تینوں ملزمان کو سات روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا اور ہدایت کہ تفتیش مکمل کر کے تینوں ملزمان کو چودہ دسمبر کو دوبارہ پیش کیا جائے۔ واضح رہے کہ ایف آئی اے نے حکومت پاکستان کی مدعیت میں ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین سمیت سات افراد کے خلاف عمران فاروق کے قتل کا مقدمہ ہفتے کے روزدرج کیا تھا، ملزمان کے خلاف قتل، پاکستان کے خلاف سازش اور دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا، مقدمے میں الطاف حسین، انور، افتخار حسین، معظم علی، خالد شمیم، کاشف خان کامران اورمحسن علی کو ملزم نامزد کیا گیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن