شدید دھند میں حادثات: دادا پوتے سمیت چھ افراد جاں بحق‘ : موٹروے پر بارہ گاڑیوں کی ٹکر
دریا خان/ بھکر/ پھولنگر/ٹھینگ موڑ/شیخوپورہ /لاہور (نامہ نگاران+ خبر نگار+ ایجنسیاں) پنجاب کے مختلف شہروں میں گزشتہ صبح شدید دھند چھائی رہی اس دوران ٹریفک کے مختلف حادثات میں دادا پوتا سمیت 6 افراد جاں بحق 17 سے زائد شدید زخمی ہوگئے۔ شدید دھند کے باعث لاہور ائرپورٹ سے متعدد پروازوں کو دوسرے ائرپورٹ پر منتقل کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کے مختلف شہروں میں گزشتہ روز بھی علی الصبح دھند کا راج رہا۔ اس دوران لاہور شیخوپورہ موٹروے پر فیکٹری ایریا کے قریب 12 گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں جس کے نتیجہ میں 3 افراد زخمی ہو گئے۔ حادثے کے باعث موٹروے پر ٹریفک بلاک ہو گئی اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ ادھرکندیاں دریا خان اور بھکر سے نامہ نگار کے مطابق نواحی علاقہ پیڈ پکہ کا رہائشی ٹھیکیدار حاجی گل محمد اعوان اپنے ساتھیوں سمیع اللہ خان، حاجی خان محمد اور قادر پٹھان کے ہمراہ بھکر سے کار پر واپس آرہے تھے دریا خان کے علاقہ چاندنی چوک میں ایم ایم عالم روڈ پر کار سڑک کنارے کھڑے گنے سے لوڈ ٹریکٹر ٹرالے کے نیچے جا گھسی جس کے نتیجہ میں کار سوار 4 افراد موقع پر دم توڑ گئے جبکہ 2 افراد زخمی ہو گئے۔ مرنیوالوں میں سمیع اللہ دادا اور حاجی خان محمد پوتا بتائے جاتے ہیں۔ حادثہ میں کار تباہ ہو گئی۔ نعشیں آبائی علاقوں میں پہنچا دی گئیں، جس سے وہاں کہرام مچ گیا۔ حادثہ پر وزیراعلیٰ نے اظہار افسوس کرتے ہوئے مرنیوالوں کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا ہے اور زخمیوں کی ہسپتال میں بہترین طبی امداد کی ہدایت کی ہے، کسووال سے نامہ نگارکے مطابق کیری ڈبہ پر ملتان کی طرف جا رہا تھا سامنے سے ایک موٹر سائیکل سوار محمد آصف تیز رفتاری کے ساتھ آرہاتھا ۔شدید دھند کی وجہ سے اسے سامنے سے آتی گاڑی دکھائی نہیں دی ۔جس سے وہ ٹکر ا گیا اور ٹکراتے ہی موقع پر جاں بحق ہو گیا۔سرگودھا سے نامہ نگار کے مطابق سرگودھا اور گردونواح میں دھند کا راج رہا اور سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا‘ شہریوں نے کوئلے جلا کر سردی کو کم کیا ، پھو ل نگرملتان روڈ پر سنچری ملز کے قریب شدید دھندکے باعث ٹرالرنے ٹھینگ موڑ سے آنے والی بس کو ٹکر مار دی جس سے بس میں سوار نوجوان غلام حسین موقع پر جابحق اور چونیاںکے رہائشی شہزاد ، اسلم، امین ، ذیشان، سیلم، اسلم ،ٹھینگ موڑ سے سمہ بی بی کنگن پورہ سے عبدالخالق،افضال سمیت 12 سے زائد افراد شدید زخمی حالت میں ہسپتال ریفر کر دیا گیا پولیس نے موقع پر پہنچ کر ٹرالر کو قبضے میں لے کر ڈرائیور کو گرفتار کرلیا، دوسری طرف شدید دھند اور طیاروں میں جدید ترین آئی ایل ایس کیٹ بی 3 سسٹم سے مطابقت رکھنے والا سسٹم نہ ہونے کی وجہ سے گزشتہ روز شاہین ائیر کی کراچی سے لاہور آنے والی پرواز این ایل 142 اور لاہور سے کراچی جانے والی پرواز این ایل 143 ، کوئٹہ سے لاہور آنے والی پرواز نمبر این ایل 153 اور لاہور سے کوئٹہ جانے والی پرواز نمبر این ایل 154 اور لاہور سے مسقط جانے والی پرواز این ایل 768 اور مسقط سے لاہور آنے والی پرواز این ایل 769 کو منسوخ کر دیا گیا ۔ قومی ائیر لائن کی کوالالمپور سے لاہور آنے والی پرواز پی کے 898 ، کویت سے لاہور آنے والی پرواز پی کے 206 اور کراچی سے لاہور آنے والی پرواز پی کے 302 ائیر بس طیاروں کے پائلٹوں کی آئی ایل ایس کیٹ بی 3 سسٹم کی تربیت نہ ہونے کی وجہ سے مذکورہ طیاروں کو سیالکوٹ ائیرپورٹ منتقل کر دیا گیا جبکہ جدہ سے لاہور صبح سوا 10 بجے آنے والی پرواز پی کے 760 چار گھنٹے کی تاخیر سے دوپہر سوا 2 بجے پہنچی ۔ امارات ائیر کی دوبئی سے لاہور آنے والی پرواز کے پائلٹ نے طیارے میں جدید آئی ایل ایس کیٹ بی 3 سسٹم ہونے کے باوجود طیارے کو لاہور ائیرپورٹ اتارنے سے انکار کر دیا اور پرواز کو کراچی واپس لے گیا ۔ علاوہ ازیں نوائے وقت رپورٹ کے مطابق رات گئے دھند نے لاہور کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ دبئی سے لاہور آنے والی پرواز پی کے 204 کو ملتان بھجوا دیا گیا۔ لاہور، قصور، شیخوپورہ سمیت پنجاب کے اکثر علاقوں میں شدید دھند سے حد نگاہ صفر ہو گئی، لاہور سے پنڈی بھٹیاں موٹروے کو ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا۔
حادثات