پیش نہ ہونے کا سخت نوٹس، ہائیکورٹ سے خاتون محتسب کے قابل ضمانت وارنٹ جاری
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے خاتون محتسب کے خلاف دائر توہین عدالت کی درخواست پر عدالتی احکامات پر پیش نہ ہونے کا سخت نو ٹس لیتے ہوئے انکے قابل ضمانت وارنٹ گر فتاری جاری کر دیئے اور حکم دیا کہ 16 دسمبر کو یاسمین عباسی کی عدالت میں موجودگی کو یقینی بنایا جائے۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ خاتون محتسب کو عدالت میں پیش ہونے کے عدالتی احکامات کے نوٹس بھجوائے گئے ہیں تاہم وہ پیش نہیں ہو سکی۔ جس پر عدالت نے سخت نو ٹس لیتے ہوئے انکے قابل ضمانت وارنٹ گر فتاری جاری کرتے ہوئے حکم دیا کہ آئندہ سماعت پر یاسمین عباسی کی عدالت میں موجودگی کو یقینی بنایا جائے۔ درخواست گذار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ عدالت نے خاتون محتسب کو درخواست گذار کے خلاف کارروائی سے روکنے کا حکم دیا تھا تاہم خاتون محتسب نے درخواست گذار کے خلاف کارروائی جاری رکھی جو کہ توہین عدالت ہے۔ درخواست گذار سیلم جاوید بیگ ایڈووکیٹ کے خلاف انکی جونئیر وکیل نے ہراساں کرنے پر خاتون محتسب یاسمین عباسی کو درخواست دی تھی جس پر خاتون محتسب نے کارروائی شروع کی تو درخواست گذار نے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔ عدالتی احکامات پر عمل نہ کرنے پر درخواست گذار وکیل نے توہین عدالت کی درخواست دائر کی جس پر عدالت نے دو مر تبہ پیشی کے نوٹس جاری کئے تھے۔
وارنٹ