• news

پی آ ئی اے کی نجکاری کا آرڈیننس خلاف قانون ہے، حکومت فوری واپس لے: سراج الحق

لاہور (صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے پی آئی اے کی نجکاری کے آرڈینس کو خلاف قانون قرار دیا ہے اور کہا ہے قومی اسمبلی کے ہوتے ہوئے آرڈیننس بلاجواز اورعوامی نمائندوںکی توہین ہے حکومت نجکاری کے آرڈینس کو فوری واپس لے ۔ پی آئی اے کی نجکاری قومی یا ملکی مفاد میں نہیں بلکہ آئی ایم ایف کے حکم پر کی جارہی ہے حکمرانوں کا صر ف پی آئی اے ہی نہیں، پاکستان سٹیل ملز، او جی ڈی سی اورپاکستان ریلوے سمیت 68 قومی ادارے اونے پونے بیچنے کا منصوبہ ہے زیادہ تر اداروں کی خریداری میں حکومت میں شامل لوگ دلچسپی لے رہے ہیں۔ قومی اداروں کے پاس اربوں روپے کی زمین اور اثاثے ہیں جن پر ملکی و غیرملکی کمپنیوں کی نظریں لگی ہوئی ہیں۔ نجکاری اپنے رشتہ داروں اور پارٹی ورکرز کو نوازنے کا حکمرانوں کا آزمودہ نسخہ ہے ہمارے حکمران محنت و مشقت اور کثیر سرمائے سے کھڑے کئے گئے اداروں کو بیچ رہے ہیں۔ جماعت اسلامی پی آئی اے اور دیگر قومی اداروں کے ملازمین اور مزدوروں کے ساتھ ہے نیشنل لیبر فیڈریشن اور دیگر مزدور تنظیموں کیساتھ ملکر حکومت کے خلاف بڑی تحریک چلائیں گے۔ اداروں کی نجکاری ملکی سالمیت اور قومی وحدت کیخلاف ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں مرکزی ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے کیا۔ سراج الحق نے کہا نجکاری سے لاکھوں مزدور اور محنت کش بے روز گار ہوجائیں گے ۔حکومتوں کا فرض ہوتا ہے کہ وہ روز گار کے نئے مواقع پید ا کرکے ملک سے بے روز گاری کا خاتمہ کریں جبکہ ہمارے ہاں الٹی گنگا بہتی ہے۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ حکمران اپنی آج کی عیش و عشرت کیلئے قوم کے مستقبل سے کھیل رہے ہیں حکومت کے پاس پارلیمنٹ سے منظوری کے بغیرنئے ٹیکس لگانے کا کوئی اختیار نہیں۔ انہوں نے کہا اگر حکومت نے ٹیکس واپس نہ لئے تو ہر چوک اور چوراہے میں احتجاج کریں گے اور حکمرانوں کی من مرضی نہیں چلنے دیں گے ۔
سراج الحق

ای پیپر-دی نیشن