شیخوپورہ: جنازہ پڑھ کر نکلنے والا نومنتخب چیئرمین مخالفین کی فائرنگ سے جاں بحق، ساتھی زخمی
جوئیانوالہ/ شیخوپورہ (نامہ نگار+ نامہ نگار خصوصی) انتخابی رنجش پر مخالفین کی فائرنگ سے نومنتخب چیئرمین سردار عباس ڈوگر جاں بحق، ساتھی زخمی ہو گیا۔ بتایا گیا ہے کہ جوئیانوالہ موڑ کے کونسلر چودھری ذوالفقار علی کے ماموں چودھری عبدالغفار کی نماز جنازہ میں یو سی ساہوکی ملیاں کے آزاد نومنتخب چئیرمین سردار عباس علی ڈوگر ایڈووکیٹ شرکت کے بعد احاطہ قبرستان سے باہر واپس آرہے تھے کہ مخالفین نے ان پر اچانک اندھا دھند فائرنگ کر دی جس سے شدید زخمی ہوگئے جنہیں ڈسٹرکٹ سول ہسپتال لایا جا رہا تھا کہ زخموں کے تاب نہ لاتے ہوئے راستے میں دم توڑ گئے جبکہ زخمی ساتھی کو ہسپتال داخل کرا دیا گیا۔ فائرنگ سے جنازے میں شریک لوگوں میں بھگدڑ مچ گئی لوگوں نے کھیتوں میں چھپ کر جان بچائی۔ مقتول چیئرمین عباس علی ڈوگر کے ورثاء کے مطابق انکے مخالف فریق مسلم لیگ ن کے نامزد امیدوار نذیر احمد ڈوگر جن کو الیکشن میں شکست ہوئی تھی ملزم نماز جنازہ میں شامل تھے جنہوں نے موقع پا کر فائرنگ کر دی۔ ڈی ایس پی سٹی راجہ فخر بشیر کے مطابق واقعہ میں ملوث ملزم اسلحہ سمیت گرفتار کر لیا ہے جبکہ دیگر ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ لاہور سے خصوصی رپورٹر کے مطابق وزیراعلیٰ شہباز شریف نے جوئیاں والا موڑ کے قریب نماز جنازہ میں فائرنگ کے واقعہ کی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کر لی اور ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے فائرنگ میں نو منتخب چیئرمین کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پرلواحقین سے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے۔