ڈالر 3 ماہ کی کم ترین سطح پر، سونا بھی سستا
کراچی+ لاہور (نوائے وقت رپورٹ+ نیوز رپورٹر) انٹر بنک مارکیٹ میں امریکی ڈالر تین ماہ کی کم ترین سطح پر آ گیا۔ انٹربنک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں ایک روپے 15پیسے کی کمی ہو گئی جس کے بعد انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر 103 روپے 85 پیسے کا ہو گیا ہے جبکہ سونے کی قیمت بھی 400روپے تولہ کم ہوئی ہے۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں ایک روپے کی کمی ہوئی جس کے بعد اوپن مارکیٹ میں ڈالر 105روپے 60 پیسے کا ہو گیا۔ دوسری جانب گولڈ ڈیلرز کا کہنا ہے کہ فی تولہ سونا 400روپے سستا ہو گیا ہے۔ نئی قیمت 44 ہزار 50روپے ہو گئی۔ دس گرام سونا 343 روپے سستا ہوا۔ نئی قیمت 37 ہزار 757روپے پر آ گئی۔ گزشتہ ایک ماہ میں فی تولہ سونے کی قیمت ایک ہزار 230روپے کم ہوئی۔ نیوز رپورٹر کے مطابق وزارت خزانہ اور اسٹیٹ بنک کی مانیٹرنگ سے ڈالر کی قیمت کم ہوئی۔ بتایا گیا ہے کہ امریکی ڈالر کی قیمت میں کمی سے بیرونی قرضوں کا بوجھ کم ہو گیا ہے۔