کوئٹہ : خضدار پنجگور میں فائرنگ‘ کونسلر نیشنل پارٹی کے دو رہنماﺅں سمیت آٹھ افراد جاں بحق
خضدار+ کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ+ بیورو رپورٹ+ ایجنسیاں) بلوچستان کے شہروں خضدار اور کوئٹہ میں گذشتہ روز فائرنگ کے واقعات میں نیشنل پارٹی کے 2 رہنما¶ں سمیت 7 افراد جاں بحق ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق خضدار کے علاقے گریشنہ میں نامعلوم افراد نے ایک گاڑی پر اندھا دھند گولیاں برسا دیں جس سے گاڑی میں سوار نیشنل پارٹی کے رہنما میر عطاءاللہ ساجدی اور میر محمد صدیق سمالانی جاں بحق ہو گئے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان کے ترجمان نے دونوں رہنما¶ں کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بزدلانہ اقدام قرار دیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور ایف سی کی نفری نے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کر دیا جبکہ مقتولین کی نعشوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ دریں اثناءکوئٹہ میں مشرقی بائی پاس روڈ تھانہ روڈ اور بروری روڈ پر فائرنگ کے تین واقعات میں 5افراد دم توڑ گئے۔ تھانہ روڈ پر قتل ہونیوالا عبدالغفور کنٹونمنٹ بورڈ کا کونسلر تھا جبکہ بروری روڈ پر محبوب علی بگٹی کو گولیوں سے چھلنی کیا گیا باقی کی شناخت کا پتہ نہیں چل سکا۔ نعشیں سول ہسپتال منتقل کر دی گئیں۔ دوسری طرف پنجگور پولیس نے براہوی محلہ میں ایک گھر سے ایک شخص کی گولیوں سے چھلنی نعش برآمد کر کے ہسپتال پہنچا دی۔ نعش کی شناخت حمید کے نام سے کی گئی۔ علاوہ ازیں فرنٹیئر کور نے ربی کینال میں سرچ آپریشن کے دوران دبایا گیا بھاری اسلحہ 9 ایس ایم چیز معہ 23 میگزین 2 کلاشنکوفیں دو میگزین ایک چائنہ ایل ایم جی معہ 3 میگزین (6) 303 رائفلز، 4 سیون ایم ایم رائفلز (8) 12 بور رائفلز 30 بور پستول ا ور مختلف سائز کی 2 ہزار گولیاں برآمد کر لیں جبکہ نصیر آباد کی تحصیل تمبوکی میں پولیس چوکی پر درجنوں مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کر دی اور لوگوں کے آنے پر فرار ہو گئے۔ گولیاں لگنے سے چوکی کو نقصان پہنچا تاہم پولیس اہلکار محفوظ رہے۔علاوہ ازیں پشاور میں سپیشل پولیس یونٹ بنوں ریجن نے کارروائی کرتے ہوئے کئی وارداتوں میں مطلوب 2 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔ ملزمان کے قبضہ سے جدید اسلحہ اور موبائل فون سمز برآمد کرلی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق سپیشل پولیس یونٹ نے مصدقہ اطلاعات پر بنوں ریجن میں ٹارگٹڈ آپریشن کیا اور اس دوران 2 مطلوب دہشتگردوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے موبائل فون سمز اور مختلف قسم کے ہتھیار برآمد کرلئے۔ گرفتار ملزمان کی شناخت حضرت علی اورکاشف کے نام سے ہوئی ہے۔ یہ دونوں ملزمان بم دھماکوں‘ بھتہ خوری سمیت کئی مجرمانہ کارروائیوں میں ملوث تھے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھے۔ دریں اثناءسی ٹی ڈی نے سوات کے علاقہ مٹہ میں کارروائی کے دوران اہم شدت پسند کمانڈر محمد فاروق کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم محمد فاروق کا تعلق کالعدم تحریک طالبان سے ہے جو دہشت گردی کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھا۔
خضدار ،کوئٹہ فائرنگ