ہمسائے تبدیل نہیں ہو سکتے، معاملات حل کرنے کیلئے مثبت سوچ، مذاکرات خوش آئند ہیں: اسفندیار
اسلام آباد (این این آئی) عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی خان نے افغانستان کے بارے میں ہارٹ آف ایشیا کانفرنس کے انعقاد کو خطے کے مستقل امن کےلئے دوررس نتائج کا حامل قرار دیتے ہوئے گزشتہ روز جاری بیان میں کہا ہے کہ ہمسائے کبھی تبدیل نہیں کئے جا سکتے۔ معاملات کو حل کرنے کےلئے مثبت سوچ اور فکر کے ذریعے مذاکرات جاری رکھنا خوش آئند ہے۔ غلط فہمیوں کے مستقل خاتمے کےلئے خطے کے ممالک کی اعلی قیادتوں کے باہمی روابط کو مضبوطی سے استوار کیا جانا چاہئے۔ بین الاقوامی معاملات میں اپنے اپنے ممالک کے مفادات کو پہلی ترجیح رکھ کر آذاد اور غیر جانبدار خارجہ پالیسی میں ایک دوسرے کی خود مختاری کے تحفظ کا یقینی بنانا اور اپنی اپنی سرزمین کو ایک دوسرے کے خلاف استعمال نہ ہونے دینے کا حتمی فیصلہ کرنا ہو گا۔ اسفند یا ر ولی خان نے کہا کہ باچہ خان مرحوم کی عدم تشدد کی تحریک کی کامیابی کی دلیل ہے کہ خطے کے ممالک کی غلط فہمیاں ختم ہو رہی ہیں اور بین الاقوامی ایجنڈے کے تحت قائم ہونے والی دشمنیاں دوستی میں تبدیل ہو رہی ہیں۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ کانفرنس کے خاتمے پر ایسے ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں کہ خطے میں بسنے والے کروڑوں شہری بغیر خوف و خطر اپنے اپنے ممالک کی ترقی اور عوامی خوشحالی میں کردار ادا کریں۔
اسفندیار