• news

اخلاقی طور پر مضبوط معاشرہ ہی کرپشن کیخلاف بھرپور مزاحمت کرسکتا ہے: صدر ممنون

اسلام آباد (ایجنسیاں) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ اخلاقی طور پر مضبوط معاشرہ ہی کرپشن کے خلاف بھرپورمزاحمت کرسکتا ہے اس مقصد کے لیے ہمیں تزکیہ نفس کی روایات کو زندہ کرنا ہوگا۔ وہ منگل کو یہاں ایوان صدر میں بیرسٹر ظفراللہ کی کتاب ”مقامات“کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کا قیام اسی تہذیبی روایت کا احیاءتھا۔ ترقی اور استحکام کے لیے ضروری ہے کہ یہ پس منظر ہماری نگاہوں سے اوجھل نہ ہو۔ مدرسوں اور درس گاہوں کی ذمہ داری ہے کہ علم اور تزکیہ نفس کا امتزاج پیدا کرنے میں اپنا کردار موثر طریقے سے ادا کریں۔ کتاب و حکمت کی روایت زندہ ہوگی تو سماج و مادی اعتبار سے ملک ترقی کرے گا۔ انہو ں نے کہا کہ ہماری رہنمائی کے لیے رسالت مآبﷺ کی زندگی پاکیزہ مثال ہے۔ صدر مملکت ممنون حسین نے لوگوں پر زور دیا کہ ایک بہتر، منظم اور روشن خیال معاشرے کے قیام کے لئے حضرت محمد کی تعلیمات اور آپ کے اسوہ حسنہ پر عمل کریں‘ جدید مسلم معاشرہ صرف تعلیم اور اخلاقی اقدار کے ذریعے قائم کیا جا سکتا ہے۔ صدر نے کہا کہ ملک کے بہتر مستقبل اور مستقبل کی نسلوں کیلئے کتب بینی کے کلچر کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ دریں اثناءصدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ عا م افراد کی زندگی کو آسان بنانے اور انہیں سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں۔ وہ منگل کو یہاں گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ سے گفتگو کر رہے تھے جنہوں نے صدر مملکت سے ایوانِ صدر میں ملاقات کی۔ صدر ممنون حسین نے کہا کہ عام لوگوں کو تعلیم اور صحت کی مناسب سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ گورنر پنجاب محمد رفیق رجوانہ نے اس موقع پر صدر مملکت کو پنجاب خصوصاً جنوبی پنجاب میں جاری حکومت کے ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا۔ علاوہ ازیں صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ پاکستان آذر بائیجان کےساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے یہ بات آذربائیجان کے سبکدوش ہونےوالے سفیر داسفن شکروف کی ایوانِ صدر میں ملاقات کے دوران کہی۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان آذر بائیجان کےساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ اس موقع پر آذر بائیجان کے سفیر داسفن شکروف نے کہا کہ پاکستان میں قیام کی یادیں ہمیشہ میرے دل میں زندہ رہیں گی۔

ای پیپر-دی نیشن