• news

مشرف کی لگائی آگ بجھانے کی کوشش کررہے ہیں، جمہوریت سے استحکام آئیگا: وزیراعلیٰ بلوچستان

کوئٹہ (اے اےن اےن) وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ جمہوریت وعوام کی بالادستی سے ہی سیاسی ومعاشی استحکام آئیگا، ڈکٹیٹرپرویز مشرف کی بلوچستان میں لگائی گئی آگ بجھانے کی کوشش کررہے ہیں، سیاسی و عسکری قیادت نے مجھے بلوچستان کا مسئلہ حل کرنے کا مینڈیٹ دیا جس میں حوصلہ افزاءپیشرفت ہوئی ہے، بلوچ اور پشتون قیادت کی سرمایہ دار، سامراج اور آمریت دشمنی کےخلاف جدوجہد کو ریاست مخالف قرار دینے کی ناعاقبت اندیش پالیسیوں نے ملک کےلئے مشکلات کھڑی کردی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے 29ویں پی اے ایف ائیروار کورس، لینڈ وارفیئر ٹوئرکے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچ اور پشتون انگریزوں کی نوآبادتی نظام، سرمایہ دارانہ اور سامراجیت کے خلاف 20ویں صدی سے ہی جدوجہد کرتے آئے ہیں، قیام پاکستان کے بعد بلوچ اور پشتون اکابرین نے ہر آمریت کے خلاف اور عوام اور جمہوریت کی بالادستی کے لیے جدوجہد کی لیکن بدقسمتی سے آمروں نے اپنے اقتدار کو دوام بخشنے کے لیے ان کی جدوجہد کو ریاستی دشمن سے تعبیر کیا اور عوام کی بالادستی اور جمہوری حقوق سے انکار کیا۔ انہوں نے کہا کہ بغیر کسی مداخلت کے عوامی رائے کا احترام اور جمہوریت ہی ملک کے استحکام ،ترقی اور مشکلات سے نجات کا باعث بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ جب موجودہ مخلوط حکومت نے اقتدار سنبھالا تو یہاں حکومتی ادارے غیر فعال، اغواءبرائے تاوان، ٹارگٹ کلنگ، ڈکیتی، راہزنی اور دیگر جرائم روز کا معمول تھے، موجودہ حکومت نے غیرفعال حکومت کو متحرک و فعال کر دیا، تمام جرائم میں غیر معمولی کمی واقع ہوئی ہے، پولیس کے محکمے میں سیاسی مداخلت اور سفارش کلچر کا خاتمہ کر کے اسے بااختیار بنا دیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے پاک چائنا اقتصادی راہداری کو بلوچستان، ملک اور خطے کی ترقی کے لیے اہم منصوبہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ترقی کے ثمرات پر پہلا حق گوادر اور بلوچستان کا ہے۔ انہوں نے 18ویں آئینی ترمیم کو ملک کی تاریخ کا بہتر عمل قرار دیا اور کہا کہ اس سے ملک میں احساس محرومی کے خاتمے میںمدد ملے گی، صوبائی خود مختاری کے مطالبے کو اگر پہلے ہی تسلیم کیا جاتا تو ملک سیاسی انتشار کا شکار نہ ہوتا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان

ای پیپر-دی نیشن