• news

نیلم جہلم منصوبہ 33 سے 480 ارب تک پہنچ گیا‘ یہ قوم کے ساتھ ظلم ہے : چیئرمین پی اے سی

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی+ آن لائن) قومی اسمبلی کی پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی نے کہا ہے سرکاری افسران پوری طرح کرپشن میں ملوث ہیں۔ کر پشن ملک کو د یمک کی طرح چاٹ رہی ہے۔ کمیٹی کا اجلاس چیئرمین کمیٹی خورشید شاہ کی زیرصدارت ہوا۔ اجلاس میں آڈٹ حکام کی جانب سے وزرات پانی و بجلی کے مالی (2013-14) کے آڈٹ اعتراضات پیش کئے گئے کمیٹی نے آڈٹ حکام کی کارکردگی پر مایوسی کا اظہار کرتے ہو ئے کہا آڈٹ حکام اپنی کارکردگی بہتر بنائیں۔ چیئرمین کمیٹی نے ترقیاتی منصوبوں کےلئے فنڈز اخراجات تکمیل کے حوالے سے تمام وزارتوں کو تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایت کی اور کہا منصوبہ وارلسٹ نہیں دی تو گرانٹ منظور نہیں کی جائے گی، نیلم جہلم توانائی منصوبہ 33 بلین سے 1989ءمیں شروع ہوا تھا، تکمیل کے بغیر 480 بلین تک پہنچ گیا۔ آڈٹ حکام کی جانب سے وزارت پانی و بجلی میں اربوں روپے کا ٹھیکہ نااہل ٹھیکیدار کو دینے کا انکشاف کیا گیا، جس پر وزارت نے موقف اختیار کیا اس ٹھیکیدار کا ریٹ دوسروں سے کم تھا، اسلئے ٹھیکہ دیا گیا۔ آڈٹ حکام نے نیسپاک میں خلاف ضابطہ بھرتیوں اور انکو لاکھوں روپے ادا کئے جانے کاانکشاف کیا، خلاف ضابطہ 2 کروڑ 78 لاکھ روپے کی لگژری گاڑیاں خریدنے کا انکشاف کیا گیا، کمیٹی نے 15دن میں رپورٹ طلب کرلی۔ کمیٹی نے آڈٹ حکام پر سخت برہمی کا اظہا ر کر تے ہوئے کہا وزرات اور آڈٹ کی دستاویزات میں مما ثلت نہیں۔ محکمانہ کمیٹی کی رپورٹ پیش کی جائے جو ملوث ہو گا اسکے خلاف کارروائی ہوگی۔ ایک آڈٹ اعتراض پر آدھا گھنٹہ لگا دیا، یہ اس کمیٹی کے ساتھ زیادتی ہے۔ ایک پیرا پر آدھ گھنٹہ بحث نہ کی جائے۔ چیئرمین کمیٹی خورشید شاہ نے کہا آڈٹ پہلے ہی یہ کہہ دیتا بنکوں کی اے ریٹنگ کے حوالے سے فنانس کا خط دکھا دیں تو معاملہ حل ہو جاتا، آڈٹ حکام کے پاس تمام چیزیں ہیں تو اتنی لمبی باتیں نہ کی جائیں، آڈٹ حکام نے بتایا وزرات نے 8ارب 65کروڑ روپے کم ریٹنگ والے بنکوں میں رکھے گئے جس میں قواعد کی خلاف ورزی کی گئی وزرات نے مو قف اختیا ر کیا وزرات خزانہ کی اجا زت کے تحت یہ پیسے بنکوں میں جمع کرائے۔ اس پر کمیٹی ممبر سردار عاشق گو پانگ نے کہا اچھا کام برے طریقے سے کیا جائے تو اسکی کوئی وقعت نہیں۔ کمیٹی ممبرجنید انوار نے کہا قواعد کی خلاف ورزی کو بر داشت نہ کیا جائے۔آن لائن کے مطابق پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی کے اجلاس میں انکشاف ہوا وزارت پانی و بجلی میں کروڑوں روپے کے ٹھیکے طوطا فال کی بنیاد پر دیئے گئے اس انکشاف پر پی اے سی نے شدید برہمی اور ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے تمام وزارتوں‘ ڈویژنوں کو ہدایت کی ترقیاتی منصوبوں اور ان پر اٹھنے والی لاگت کے بارے میں مکمل تفصیلات فراہم کی جائیں ۔ پی اے سی نے آبزرویشن دی نیلم جہلم منصوبہ کی ابتدائی لاگت 32 ارب تھی جو اب 480 ارب تک پہنچ چکی ہے یہ قوم کے ساتھ ظلم اوربدیانتی کی شدید مثال ہے۔
پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی

ای پیپر-دی نیشن