• news

قوم کرپشن سے شدید نفرت کرتی ہے چیئرمین نیب کسی سیاسی جماعت کیخلاف نہیں : ڈی جی پنجاب

اسلام آباد+ لاہور (آن لائن+ نامہ نگار) چیئرمین نیب قمر زمان چودھری نے انسداد بدعنوانی مہم میں نوجوانوں کے کلیدی کردار پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ نیب کی بدعنوانی کیخلاف آگاہی مہم میں نوجوان ہراول دستے کا کردار ادا کر رہے ہیں، بدعنوانی کا خاتمہ ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ ہم اقوام متحدہ کے بدعنوانی کے کنونشن اور نیب آرڈیننس پر عمل کرتے ہوئے ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔ انسداد بدعنوانی کے عالمی دن کے موقع پر تقریب سے خطاب میں قمر زمان چودھری نے کہا کہ ہماری نوجوانوں سے بہت زیادہ توقعات وابستہ ہیں جو بدعنوانی کے برے اثرات سے معاشرے کو موثر طور پر آگاہ کریں گے اور نیب کے پیغام کو گلی محلوں تک پہنچائیں گے جس سے ملک میں کرپشن کے خاتمے میں مدد ملے گی۔ بدعنوانی اداروں کو گھن کی طرح چاٹ رہی ہے۔ بدعنوانی سے لوگوں کا اداروں سے اعتماد اٹھ جاتا ہے۔ قومی ادارے قومی امنگوں کے ترجمان ہوتے ہیں۔ بدعنوانی سے قومی اداروں کی کارکردگی متاثر ہوتی ہے۔ اداروں سے بدعنوانی ختم کر کے ان کے کام کو بہتر انداز میں منطقی انجام تک پہنچایا جا سکتا ہے۔ نیک نیتی، دلجمعی اور محنت سے اداروں کو کرپشن سے پاک کرنے کا مقصد حاصل کیا جا سکتا ہے۔ پاکستانی قوم بدعنوانی سے شدید نفرت کرتی ہے اور اس کی روک تھام کیلئے موثر کردار ادا کر رہی ہے۔ ہم نے قوم سے یہ وعدہ کیا ہے کہ ہم اپنے ملک کو بدعنوانی سے پاک کر کے دم لیں گے۔ لاہور سے نامہ نگار کے مطابق ڈی جی نیب پنجاب میجر (ر) سید برہان علی نے کہا ہے کہ نیب کسی سیاسی جماعت کیخلاف نہیں ہے اور کرپٹ لیڈر جس جماعت میں ہونگے ان کیخلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائیگی۔ نیب میں اس وقت تمام سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والوں کے کرپشن کیس موجود ہیں، جن پر کام ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے طلب کرنے پر 150 میگا کرپشن کیسز کی لسٹ بھی بلاامتیاز فراہم کی تھی اور اس پر تمام سیاسی جماعتوں کا ردعمل میڈیا کے سامنے ہے۔ رواں سال اب تک کرپشن کے ریفرنسز میں گرفتار ہونے والے 154 کرپٹ عناصر سے ایک ارب روپے وصول کر کے متاثرین کو فراہم کئے جا چکے ہیں۔ اس سال کے آخر میں مزید کرپٹ عناصر کو گرفتار کر کے ان سے وصول کی گئی رقم کو ڈیڑھ ارب روپے تک پہنچا دیا جائیگا۔ پاور سیکٹر، ایل ڈی اے اور ہا¶سنگ سوسائٹیز میں کرپشن کے خاتمے کا جائزہ لینے کیلئے کمیٹیاں بنا دی گئی ہیں جو جلد اپنی تجاویز دیں گی۔
چیئرمین نیب

ای پیپر-دی نیشن