عمران فاروق قتل کیس: وزارت داخلہ نے جے آئی ٹی تشکیل دیدی
اسلام آباد(صباح نیوز)ایم کیوایم کے رہنما ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کی تفتیش کیلئے وزارت داخلہ نے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی ہے۔ جے آئی ٹی کے سربراہ ڈائریکٹر ایف آئی اے کائونٹر ٹیررازم ونگ مظہر کاکا خیل ہوں گے۔ سات رکنی تحقیقاتی ٹیم میں ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے الطاف حسین، اسلام آباد پولیس کے ایس پی کیپٹن الیاس،ایف آئی اے کے انسپکٹر شہزاد چوہدری بھی شامل ہوں گے۔ جے آئی ٹی میں انٹیلی جنس ایجنسیوں کے نمائندوں کو بھی شامل کیا گیا ہے۔جے آئی ٹی پہلے مرحلے پر عمران فاروق قتل کیس میں ملوث تین ملزمان معظم،خالد اورمحسن سے تفتیش کرے گی۔ اس کے بعد ٹیم برطانیہ میں ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین سمیت دیگر رہنما محمد انور اور افتخار حسین سے بھی تفتیش کرے گی۔ تینوں ملزمان معظم، خالداورمحسن سات روزہ جسمانی ریمانڈ پر پہلے ہی ایف آئی اے کی تحویل میں ہیں۔