پاکستان، کشمیر اور مسلمان حقیقت ہیں، مودی کو عوام کیلئے سوچ بدلنا ہو گی: مشرف
اسلام آباد (این این آئی) آل پاکستان مسلم لیگ کے چیئرمین جنرل(ر) پرویز مشرف نے کہا ہے کہ خطے میں قیام امن اور ترقی کا انحصار خطے کی تمام طاقتوں کی نیتوں پر ہے، بھارتی وزیراعظم کو عوام کے لئے اپنی سوچ تبدیل کرنا ہوگی، برصغیر میں پاکستان، کشمیر اور مسلمان حقیقت ہیںبھارت کو دل سے تسلیم کرنا ہو گا، سشما سوراج کی پاکستانی حکام سے ملاقات خوش آئند ہے مگر خلوص نیت سے آگے بڑھنا ہوگا۔ بدھ کو جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ ہارٹ آف ایشیاءکانفرنس کے مثبت نتائج صرف اسی صورت میں سامنے آ سکتے ہیں کہ خطے کی تمام قوتیں نیک نیتی سے مسائل حل کرنا چاہیں۔ اگر خطے کے بڑے ممالک چھوٹے ممالک کو دبا کر رکھنا چاہیں گے تو خاطر خواہ نتائج برآمد نہیں ہوسکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو اپنے دل سے مسلمانوں اور پاکستان کے خلاف نفرت نکال دینی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ مذاکرات کے ذریعے مسائل حل کرنے کی بات کی مگر بھارتی حکمرانوں کا رویہ ہمیشہ سرد رہاہے۔ یہی وجہ ہے کہ ماضی میںکئی مرتبہ مذاکرات بے نتیجہ رہے اور مسائل کا کوئی حل نہ نکل سکا۔ بھارت کی موجودہ حکومت کے انتہا پسندانہ روئےے نے دونوں ممالک کے درمیان حالات کشیدہ کر دئےے ہیں۔ یہ موقع ہے کہ بھارتی حکام اپنے روئےے میں تبدیلی لاتے ہوئے اپنی پالیسیوں کا ازسرنو جائزہ لیں۔