• news

معیاری علاج عوام کا حق ہے، سٹیٹ آف دی آرٹ ڈرگ ٹیسٹنگ لیب بنائیں گے: شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے کنٹری ہیڈ ڈاکٹر مشل جے جے تھیرین کی سربراہی میں اعلی سطح کے وفد نے ملاقات کی جس میں صحت کے شعبہ میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شہباز شریف نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صحت عامہ کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کے لئے پنجاب میں ٹھوس اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ علاج معالجے کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کے لئے محکمہ صحت کے دو محکمے بنادیئے گئے ہیں۔ علاج معالجے کی معیاری سہولتوں تک رسائی عوام کا حق ہے یہی وجہ ہے کہ پنجاب حکومت نے صحت کے بجٹ میں خاطر خواہ اضافہ کیا ہے۔ وبائی امراض کی روک تھام کے لئے ویکسینیشن پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ ہسپتالوں میں مفت ادویات کی فراہمی پر اربوں روپے خرچ کئے جا رہے ہیں۔ لاہور میں سٹیٹ آف دی آرٹ پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ کے قیام کے منصوبے پر کام شروع ہو چکا ہے۔ جعلی ادویات کے خلاف بھرپور انداز میں کریک ڈاؤن کر رہے ہیں۔ لاہور میں سٹیٹ آف دی آرٹ ڈرگ ٹیسٹنگ لیب بنائی جائے گی۔ وزیر اعلی نے کہا کہ برطانیہ کے بین الاقوامی ترقیاتی ادارے ’’ڈیفڈ‘‘ کے تعاون سے شعبہ صحت کی بہتری کے لئے جامع پروگرام پر عملدرآمد جاری ہے۔ شعبہ صحت میں اصلاحات کے اہداف کے حصول کی ذاتی طور پر نگرانی کر رہا ہوں۔ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے کنٹری ہیڈ ڈاکٹر مشل جے جے تھیرین نے کہا کہ وزیراعلی محمد شہباز شریف کی قیادت میں پنجاب حکومت نے شعبہ صحت کی بہتری کے لئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں۔ پنجاب کا صحت عامہ کا شعبہ مثبت تبدیلیوں کی جانب گامزن ہے۔ مستقبل میں بھی قریبی رابطے کے تحت تعاون جاری رکھیں گے اور لاہور میں جلد اپنا دفتر کھولیں گے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف سے گذشتہ روز اسلام آباد میں ڈنمارک کی وزارت خارجہ کے سیاسی امور کے ڈائریکٹر جسپر مولر سورنسن کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔ملاقات میں پنجاب حکومت اورڈنمارک کے درمیان توانائی کے شعبہ میں تعاون خصوصاً ونڈ پاور پراجیکٹ پر تبادلہ خیال ہوا۔ڈنمارک کے وفد نے توانائی کے شعبے بالخصوص ونڈ پاور پراجیکٹ میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہارکیا۔ ڈینش کمپنی ویسٹاس پاکستان، پنجاب میں 1000 میگاواٹ کا ونڈ پاور پراجیکٹ لگائے گی۔ شہبازشریف نے ڈنمارک کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت توانائی بحران سے نمٹنے کیلئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لارہی ہے۔ لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کیلئے متبادل ذرائع سے بجلی پیدا کرنے پرخصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ ڈنمارک کی کمپنیوں کی توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ پنجاب میں توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاروں کو خصوصی سہولتیں دی جارہی ہے۔ پاکستان میں ڈنمارک کی کمپنیوں کیلئے توانائی کے شعبہ میں سرمایہ کاری کی بڑی گنجائش موجود ہے۔ ڈنمارک کے سرمایہ کارتوانائی کے شعبے میںسرمایہ کاری کے حوالے سے دی جانیوالی سہولتوںسے فائدہ اٹھائیں۔ توانائی کے منصوبوں کو تیزرفتاری سے مکمل کرنا ہماری پہلی ترجیح ہے۔ توانائی کے دیگر منصوبوں کی طرح ونڈ پاور پراجیکٹ کے منصوبے کو بھی شفافیت اور تیز رفتاری سے پایہ تکمیل تک پہنچانے کے خواہاں ہیں۔ ڈینش کمپنی ویسٹاس پاکستان کوپنجاب میں ونڈ پاور پراجیکٹ لگانے کیلئے تمام ممکنہ معاونت اورسہولتیں دیں گے۔ ونڈ پاور پراجیکٹ پر عملدر آمد سے دونوں ممالک کے دوستانہ تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔ ڈنمارک کی وزارت خارجہ کے سیاسی امور کے ڈائریکٹر جسپر مولر سورنسن نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں ہوا سے بجلی پیدا کرنے کے بہت زیادہ مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی متبادل ذرائع سے توانا ئی کے حصول کے منصوبوں کیلئے فراہم کردہ سہولتیں قابل تعریف ہیں۔ علاوہ ازیں شہبازشریف کی زیر صدارت صوبے میں امن وامان کی صورتحال کا جائزہ لینے سے متعلق اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔ وزیر اعلی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں امن عامہ کی صورتحال کو بہتر سے بہتر بنانے کے لئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ بلدیاتی انتخابات کے تمام مراحل میں متعلقہ اداروں کی محنت اور جانفشانی کے باعث مجموعی طورپر پولنگ کا عمل پرامن رہا اور بلدیاتی انتخابات کے تینوں مراحل میں عوام کو پرامن اور آزادانہ ماحول میں حق رائے دہی کے استعمال کا موقع فراہم کیا گیا۔ صوبائی کابینہ کمیٹی برائے امن وامان، پولیس،سکیورٹی اداروں اور انتظامیہ کی کارکردگی لائق تحسین ہے۔ پولیس کو آئندہ بھی اسی جذبے اور جانفشانی سے کام کرنا ہوگا۔ مزید براں شہباز شریف سے گذشتہ روز سندھ سے تعلق رکھنے والے مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں شیرازی برادران نے ملاقات کی۔وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت توانائی بحران اوردہشت گردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے۔ اجتماعی کاوشوں اورمشترکہ بصیرت کو بروئے کار لاکر ملک کودرپیش چیلنجز سے نمٹیں گے۔ 2013ء کے مقابلے میں آج کا پاکستان پہلے سے زیادہ محفوظ، پرامن اور معاشی طور پر مستحکم ہے۔ انہوںنے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں ملک کو بحرانوں سے نکالیں گے۔ مزید براں شہباز شریف سے آج یہاں متحدہ عرب امارات کے وزیر ثقافت، یوتھ اور سماجی ترقی شیخ نیہان بن مبارک النیہان نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی تعمیر و ترقی میں متحدہ عرب امارات کا کردار لائق تحسین ہے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے کہا ہے کہ پیغمبر اسلام نے پوری انسانیت کیلئے انسانی حقوق کا ابدی اور لافا نی پیغام دیا ہے۔ اسلام سماجی انصاف اور امن کی اعلیٰ اقدار کو سربلند رکھنے کا درس دیتا ہے۔ اسلام انسانی حقوق کا علمبردار ہے اورمساوات و پرامن بقائے باہمی کی تلقین کرتا ہے۔ وزیراعلیٰ نے انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ جہاں انسانی حقوق سلب کر لئے جاتے ہیں وہاں بدامنی اور انتشار پھیل جاتا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے شہریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کیلئے عملی اقدامات کیے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن