• news

پولیس نے ڈاکٹر عاصم کو بے گناہ قرار دیدیا ، نیب ٹیم کے حوالے کرنے سے انکار

کراچی (نوائے وقت رپورٹ) کراچی پولیس نے ڈاکٹر عاصم حسین کو دہشت گردی کے مقدمے میں بری کر دیا۔ نیب کی 5 رکنی ٹیم گرفتاری کیلئے گلبرگ تھانہ پہنچی اور وارنٹ گرفتاری دکھائے۔گلبرگ تھانے میں ڈاکٹر عاصم حسین کے داماد ایم پی اے اسماعیل شاہ اور بیٹی بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر عاصم کے خلاف منی لانڈرنگ، سوئی سدرن اور پی ایس او میں کرپشن کے مقدمات درج ہیں۔ قبل ازیں پولیس نے ڈاکٹر عاصم حسین سے تفتیش مکمل کر لی اور دہشت گردوں کے علاج کے کیس میں شخصی ضمانت پر رہائی کا امکان ہے۔ ڈاکٹر عاصم حسین کے خلاف نارتھ ناظم آباد پولیس سٹیشن میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ پولیس کے تفتیش کاروں نے ڈاکٹر عاصم حسین کو بے گناہ قرار دینے کی رپورٹ تیار کر لی جو آج عدالت میں پیش کی جائے گی۔ نیب نے ڈاکٹر عاصم کے وارنٹ گرفتاری کراچی کے گلبرگ تھانے میں جمع کرائے۔ وارنٹ گرفتاری کا روزنامچے میں اندراج بھی کرا دیا۔ دریں اثناء ڈاکٹر عاصم حسین کی رہائی میں قانونی پیچیدگی کا سامنا ہے۔ ایس ایس پی انوسٹی گیشن عارف میر نے بتایا کہ ڈاکٹر عاصم حسین کو فی الحال نیب کے حوالے نہیں کر رہے۔ عدالت کو آگاہ کئے بغیر ڈاکٹر عاصم حسین کو نیب کے حوالے نہیں کیا جا سکتا۔ ڈاکٹر عاصم حسین کو آج انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا جائیگا۔ نیب عدالت سے حوالگی حاصل کرے گا۔ ڈاکٹر عاصم کو نیب کے حوالے نہیں کیا گیا اور نیب کی ٹیم گلبرگ تھانے سے واپس چلی گئی۔

ای پیپر-دی نیشن