مسائل فریادوں اور سسکیوں نہیں حکمرانوں کیخلاف اٹھنے سے حل ہونگے: سراج الحق
ملتان (سپیشل رپورٹر) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ مسائل فریادوں اور سسکیوں سے نہیں اقتدار پر مسلط ظالم جاگیرداروں، سرمایہ داروں اور وڈیروں کے خلاف اٹھنے سے حل ہونگے۔ قومی خزانہ لوٹنے والے ایوانوں میں بیٹھے ہیں۔ حکمران لوٹ مار اور کرپشن کے سپیشلسٹ ہیں۔ بے پناہ قدرتی وسائل کے باوجود عام آدمی تعلیم، صحت، روز گار اور چھت سے محروم ہے جبکہ بے حس حکمرانوں نے ہماری آئندہ نسلوں کو بھی آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کی غلامی میں جکڑ دیا ہے۔ پاکستان کا مستقبل محفوظ بنانے کیلئے ضروری ہے کہ دفاع کے بعد سے زیادہ بجٹ تعلیم پر خرچ ہو۔ حکمران جان بوجھ کر عوام کو جہالت کے اندھیروں میں رکھنا چاہتے تاکہ ان کے اقتدار کو کوئی چیلنج نہ کرسکے۔ آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر پالیسیاں بنانے والوں نے ثابت کر دیا کہ انہیں ملک وقوم کی بجائے صیہونی اداروں کے مفادات کا تحفظ زیادہ عزیز ہے۔ شہریوں کو تعلیم، صحت، روزگار اور چھت مہیا کرنا حکومت کی آئینی ذمہ داری ہے جسے پورا کرنے میں حکمران ناکام ہوچکے ہیں۔ عوام اپنا انتخابی رویہ بدلیں اور جبر کے اس نظام سے نجات کیلئے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔ جماعت اسلامی کے مرکزی میڈیا سیل کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلامیہ کالج پشاور میں اسلامی جمعیت طلبہ کے زیر اہتمام منعقدہ ٹیلنٹ ایوارڈ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں پشاور یونیورسٹی سمیت تعلیمی اداروں کے ہزاروں طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔ اس موقع پر اسلامیہ کالج اور پشاور یونیورسٹی کے دس ہزار طلبہ و طالبات نے اسلامی پاکستان خوشحال پاکستان کے سفیر بننے کا عہد کیا اور حلف اٹھایا۔