• news

سردی بڑھ گئی، مری میں برفباری، بجلی ، گیس کی لوڈشیڈنگ میں اضافہ

لاہور (نیوز رپورٹر + نامہ نگاران+ نوائے وقت رپورٹ) سردی بڑھ گئی، مری میں موسم سرما کی پہلی برفباری جاری، سردی کی شدت میں اضافے سے بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ بڑھ گئی جس سے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے اور شہری سراپا احتجاج بن گئے۔ لاہور اور اس کی گنجان آبادیوں میں بجلی کی 8 گھنٹے اور گیس کی 4 گھنٹے لوڈشیڈنگ پر صارفین پریشان ہو گئے اور انہوں نے احتجاج کرنا شروع کردیا ہے۔لیسکو کی جانب سے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے دورانیئے میں 6 گھنٹے کا اضافہ کردیا گیا ہے۔ صوبائی دارالحکومت میں گیس کی بندش بھی متواتر ہو رہی ہے۔ لاہور کے بعض علاقوں میں گیس صبح 7 بجے کے بعد غائب ہو جاتی ہے۔ گیس کی بندش سے ایل پی جی گیس کا استعمال بڑھ گیا ہے۔ صارفین نے احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے گیس کی بندش کے بعد ایل پی جی کی قیمت میں بھی اضافہ شروع ہو گیا ہے۔ سمبڑیال میں بھی محکمہ سوئی گیس نے غیر اعلانیہ طویل لوڈشیڈنگ کا سلسلہ شروع کردیا۔گھریلو خواتین کی پریشانی میں بھی اضافہ ہو گیا ہے جس پر صارفین سراپا احتجاج بن گئے۔ وہاڑی میں بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے شہریوں نے احتجاج کرتے حکومت سے مطالبہ کیا فی الفور بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا جائے۔ علاوہ ازیں مری میں موسم سرما کی پہلی برفباری جاری ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق ملکہ کوہسار مری نے سفید چادر اوڑھ لی۔ اونچائی کے علاقوں میں ڈیڑھ انچ اور مری شہر میں ایک انچ برفباری ہوئی جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ علاوہ ازیں کئی شہروں میں بارش ، حادثات میں ایک شخص جاںبحق، درجنوں زخمی ہوگئے۔بھلوال میں بارش کے باعث کاروبار متاثر ہوا۔ پھلروان، دلے والا میں بھی بارش ہوئی کاروبار متاثر۔ اسلام آباد، لاہور، پشاور سے آئی این پی کے مطابق جڑواں شہروں سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں جمعرات کو بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری رہا جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ کوئٹہ میں درجہ حرارت منفی 5 سینٹی گریڈ ہونے سے ٹھنڈی ہواو¿ں نے کراچی کا رخ کر لیا۔ جمعرات کو اسلام آباد، لاہور، پشاور اور کوئٹہ سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہا ۔شمالی علاقوں میں برفباری کی وجہ سے سردی میں اضافہ ہوگیا ہے۔شرقپور سے نامہ نگار کے مطابق شرقپور لاہور روڈ پر موٹر سائیکل سوار محنت کش ٹریکٹر ٹرالی کی ٹکر سے جاں بحق ہو گیا۔ محلہ مسلم پورہ کا نصیر احمد جو اپنی موٹر سائیکل پر محنت مزدوری کے سلسلے میں سبزی منڈی لاہور جا رہا تھا۔ بھوئیوال کے قریب پہنچا تو شدید دھند کے باعث تیز رفتاری سے آنے والی ٹریکٹر ٹرالی کی ٹکر سے نصیر احمد موقع پر جاں بحق ہو گیا۔ مرید کے جی ٹی روڈ اور موٹر وے پر دھند نے زندگی اجیرن کر دی۔ درجنوں گاڑیوں کی ٹکر درجنوں افراد زخمی لاکھوں کا نقصان۔ مرید کے جی ٹی روڈ پر اور موٹر وے کالا شاہ کاکو میں دھند شدید تباہی مچا دی۔ درجنوں گاڑیاں آپس میں ٹکرانے سے درجنوں مرد و خواتین زخمی ہوئے خصوصاً کالجز یونیورسٹیز اور سکولز جانے والے طلبا و طالبات کو شدید مشکل پیش آئی ہے۔ علاوہ ازیں لواری ٹاپ پر شدید برف باری سے آمدوروفت معطل، ٹنل کی بندش سے سنکڑوں مسافر برفباری میں پھنس گئے جن میں بچے، خواتین اور بوڑھے شامل ہیں، مسافر گذشتہ صبح 5 بجے سے ٹنل کے قریب پھنسے ہوئے ہیں۔ بچوں اور خواتین کی حالت بگڑنے لگی، گاڑیوں کی بھی لمبی قطاریں لگ گئیں، بعض گاڑیوں میں ایندھن ختم ہوگیا مسافروں نے حکومت سے لواری ٹنل کھولنے کا مطالبہ کیا ہے،

سردی لوڈشیڈنگ

ای پیپر-دی نیشن