وزیراعلی نے کس قانون کے تحت من پسند افسروں میں گھر تقسیم کئے: ہائیکورٹ
لاہور (اپنے نامہ نگار سے ) لاہور ہائیکورٹ نے من پسند افسروں کو سرکاری گھروں کی الاٹمنٹ کےخلاف کیس کی سماعت 22 دسمبر تک ملتوی کر دی۔ جسٹس خالد محمود خان نے کیس کی سماعت کی۔ پنجاب حکومت کے وکیل نے جواب جمع کروا تے ہوئے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے صوابدیدی اختیارات کے تحت 725 گھر الاٹ کیے۔ جس پر عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے استفسار کیا کہ وزیر اعلیٰ کو کس نے اختیار دیا کہ وہ سرکاری گھر افسروں میں بانٹتے پھریں؟ کس قانون کے تحت وزیر اعلیٰ نے من پسند افسروں میں گھر تقسیم کیے۔ عدالت نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نے کسی جھونپڑی والے کو توگھر تقسیم نہیں کیا۔ افسروں کو ہی بانٹے ہیں۔ عدالت نے درخواست گزار کے وکیل اظہر صدیق ایڈووکیٹ کو جواب الجواب 22 دسمبر تک جمع کروانے کا حکم دیدیا۔
سرکاری گھر ہائیکورٹ