گوجرانوالہ: میاں بیوی کا منہ کالا کر کے تشدد کرنے والے 8 ملزمان جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل ‘واقعہ سے میرا کوئی تعلق نہیں
گوجرانوالہ+ ڈسکہ (نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے خاتون اور اس کے خاوند کا منہ کالا کر کے تشدد کرنے اور کھمبے کے ساتھ باندھنے کے مقدمہ میں گرفتار 8ملزمان کوجوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا ،تھانہ بمبانوالی پولیس نے 8 ملزمان گوگی چیمہ، اویس ،بشارت ،بشیر کاہلوں ،اجو ،اختر، غلام شبیر اور اسلم کو انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج چوہدری امتیاز احمد کے روبرو پیش کر کے موقف اختیار کیا کہ خاتون اور اس کے شوہر کا منہ توے کی سیاہی سے کالا اور باندھنے کیلئے رسی کا استعمال کیا گیا تھا ملزمان سے توا اور رسی برآمد کر لی گئی ہے جس پر فاضل جج نے تمام ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجواتے ہوئے پولیس کو حکم دیا کہ ملزمان کو دوبارہ 17 دسمبر کو عدالت میں پیش کیا جائے۔ ڈسکہ سے نامہ نگار کے مطابق یونین کونسل میترانوالہ کے نومنتخب چیئرمین چودھری امتیاز احمد چیمہ نے کہا کہ واقعہ سے میرا کوئی تعلق نہیں یہ سب میرے مخالفین نے میری ساکھ کو نقصان پہنچانے کے لیے خبریں اڑائی ہیں۔ ووٹ نہ دینے کا اس واقعہ سے کوئی تعلق نہیں جن میاں بیوی کا منہ کالا کیا گیا اس کا والد اور بھابھی عرصہ سے میرے ڈیرہ پر ملازم ہیں۔ اس ضمن میں ڈی ایس پی سرکل ڈسکہ عبدالقیوم گوندل نے کہا کہ ملزم نوازش عادی مجرم ہے اس سے قبل بھی اس کے خلاف تھانہ پھلورہ میں ایسے مقدمات درج ہیں۔