• news

کراچی میں ریلی: الیکشن کمشن کا عمران خان سراج الحق کو نوٹس، 7 روز میں جواب طلب

اسلام آباد (آئی این پی+ اے پی پی) الیکشن کمشن نے بلدیاتی انتخابات کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کو نوٹس جاری کر کے 7روز میں جواب طلب کر لیا۔ ترجمان الیکشن کمشن کے مطابق دونوں رہنمائوں کو کراچی میں ریلی نکالنے پر نوٹس جاری کیا گیا ہے۔ الیکشن کمشن نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 154 میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے ارکان کی جانب سے انتخابی مہم کے سلسلے میں حلقہ کے دورہ کا نوٹس لیتے ہوئے اسے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ الیکشن کمشن کے ترجمان کے مطابق الیکشن کمشن نے لودھراں میں ہونے والے ضمنی انتخاب کی انتخابی مہم میں اراکین پارلیمنٹ کے دوروں پر پابندی عائد کی ہے۔ انہوں نے تمام فریقین کو ہدایت کی کہ وہ الیکشن کمشن کے ضابطہ اخلاق پر عمل کریں۔ دوسری طرف الیکشن کمشن نے سندھ کے 81 حلقوں میں مختلف وجوہات کی بنا پر ملتوی ہونے والے بلدیاتی انتخابات 30 دسمبر کو کرانے کا فیصلہ کر لیا۔ جمعہ کو نجی ٹی وی کے مطابق مکمل شیڈول کا اجراء چیف الیکشن کمشنر کی منظوری کے بعد کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ سندھ کے ان 81حلقوں میں بلدیاتی انتخابات حلقہ بندیوں کے معاملے پر سندھ ہائی کورٹ کے حکم پر موخر کئے گئے تھے۔

ای پیپر-دی نیشن