• news

دہشت گردی کی ہر قسم کی مذمت کرتے ہیں، برداشت پر مبنی معاشرہ ہمارا مشن ہے: شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے گزشتہ روز پاکستان میں امریکہ کے سفیر ڈیوڈ ہیل نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں خصوصاً توانائی کے شعبہ میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شہباز شریف نے کیلیفورنیا میں پیش آنے والے دہشت گردی کے بدترین واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ معذوروں کے مرکز پر حملے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ ہم کیلیفورنیا میں جاں بحق ہونیوالے افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ کیلیفورنیا میں معذوروں کے مرکز پر حملہ کرکے بربریت کا بدترین مظاہرہ کیا گیا۔ دہشت گرد پوری انسانیت کے دشمن ہیں اور معصوم لوگوں کو نشانہ بنانے والے دہشت گرد کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ آج دہشت گردی کہیں بھی ہو، دنیا کے ہر فرد کا مسئلہ ہے اور اس ناسور کے خاتمے کیلئے اقوام عالم کو مل کر عہدہ برآ ہونا ہے کیونکہ دہشت گردی اقوام عالم کا مشترکہ مسئلہ ہے اور دہشت گرد مشترکہ دشمن ہیں جن کا ملکر صفایا کرنا ہے۔ دہشت گردی چاہے کسی بھی شکل میں ہو، پاکستان اس کی مذمت کرتا ہے۔ قائداعظم محمد علی جناح کے پاکستان میں دہشت گردی اور انتہاپسندی کی کوئی گنجائش نہیں اور برداشت و میانہ روی پر مبنی پاکستانی معاشرے کا قیام ہمارا مشن ہے اور قائداعظمؒ کا یہ عظیم مقصد ضرور حاصل کریں گے۔ پاکستان اور امریکہ امن، رواداری، تحمل اور برداشت کو فروغ دینے میں ایک دوسرے کے پارٹنرز ہیں اور امن کے سفر کی تکمیل اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پاکستان اور امریکہ ایک ساتھ ہیں۔ امریکہ کا پاکستان کے توانائی شعبہ میں بڑھتا ہوا تعاون لائق تحسین ہے۔ مستقبل میں تعاون کی نئی راہیں کھلیں گی۔ وزیراعلیٰ نے ڈیوڈ ہیل کو پاکستان میں امریکی سفیر کی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد بھی دی۔ امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ساتھ مستقبل میں بھی قریبی تعاون جاری رکھیں گے۔ امریکی سفیر نے صوبہ پنجاب کے عوام کیلئے شاندار فلاحی منصوبوں کی ریکارڈ مدت میں تکمیل کے حوالے سے وزیراعلیٰ شہباز شریف کی غیر معمولی کارکردگی اور انتھک محنت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ بلاشبہ وزیراعلیٰ شہبازشریف کی کارکردگی لائق تحسین ہے۔ امریکی سفیر نے شہباز شریف کو برطانیہ کے کامیاب دورے پر مبارکباد بھی دی۔ مزید برآں شہباز شریف کی زیرصدارت گزشتہ روز اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے میں بلدیاتی الیکشن کے تینوں مراحل میں مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کی شاندار کامیابی پر تشکر کا اظہار کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے مسلم لیگ (ن) کی سیاسی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے بے پایاں فضل و کرم اور عوام کی والہانہ محبت سے بلدیاتی الیکشن میں بھرپور کامیابی ملی ہے اور عوام نے ووٹ کی طاقت سے وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ بلدیاتی نتائج نے 2013 کے عام انتخابات کی شفافیت پر مہر تصدیق ثبت کر دی ہے۔ عوام کے مینڈیٹ کی پہلے بھی لاج رکھی، آئندہ بھی رکھیں گے اور بلدیاتی اداروں کے سربراہوں کیلئے ایماندار اور خدمت کے جذبے سے سرشار امیدواروں کو آگے لایا جائے گا۔ علاوہ ازیں شہباز شریف کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں چنیوٹ میں معدنی ذخائر کے منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا- شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معدنی وسائل سے استفادہ کر کے معیشت کو فروغ دیا جا سکتا ہے- علاوہ ازیں شہباز شریف نے سیکرٹری مینجمنٹ اینڈ پروفیشنل ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ (ایم پی ڈی ڈی) ندیم ارشاد کیانی اور کرنل (ر) وسیم ارشاد کیانی کے والد ارشادالحق کیانی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔مزید برآں شہباز شریف نے بینک الفلاح کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر عاطف باجوہ کے والد محمد اسلم باجوہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن