• news

این اے 122 کے ضمنی الیکشن میں دھاندلی کا الزام، ایاز صادق کو نوٹس جاری

لاہور (اپنے نامہ نگار سے) سپیکر قومی اسمبلی کو دوبارہ دھاندلی کیس کا سامنا کرنا پڑ گیا۔ این اے 122 میں انتخابی دھاندلی کا کیس ایک بار پھر الیکشن ٹربیونل کی ’’زینت ‘‘ بن گیا۔ الیکشن ٹربیونل نے لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 122کے ضمنی انتخابات میں دھاندلی کے الزام میں دائر انتخابی عذرداری پر سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کو 22 دسمبر کے لیے نوٹس جاری کر دیئے ہیں۔ الیکشن ٹربیونل کے سربراہ رشید قمر نے تحریک انصاف کے رہنما عبدالعلیم خان کی انتخابی عذرداری پر سماعت شروع کر دی ہے۔ انتخابی عذرداری میں دھاندلی کے الزامات لگاتے ہوئے انتخابی نتائج کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔ عبدالعلیم خان نے انیس ہاشمی ایڈووکیٹ کے توسط سے الیکشن کمشن میں انتخابی عذرداری دائر کی جو کمشن نے کارروائی کیلئے الیکشن ٹربیونل کو بھجوا دی۔ انتخابی عذرداری میں الزام لگایا ہے کہ این اے 122 کے ضمنی انتخابات کے لیے دھاندلی کی گئی اور 30 ہزار سے زائد ووٹوں کو حلقہ 122 سے خارج اور منتقل کیا گیا۔ انتخابی عذرداری میں کہا گیا کہ الیکشن کمشن کے پاس صرف 7 ہزار ووٹوں کے اخراج اور منتقلی کا ریکارڈ موجود ہے۔ ٹربیونل نے انتخابی عذرداری پر سردار ایاز صادق کو بائیس دسمبر کیلئے نوٹس جاری کر دیئے۔

ای پیپر-دی نیشن