وفاقی حکومت کو آخری مہلت،15 جنوری تک جواب نہ آیا تو یکطرفہ کارروائی کریں گے: ہائیکورٹ
لاہور(اپنے نامہ نگارسے) لاہور ہائیکورٹ نے 64 سیاست دانوں اور معروف شخصیات کے بیرون ملک سے اثاثے واپس لانے اور ان سے بیان حلفی طلب کرنے کی درخواست پر وفاقی حکومت کو جواب داخل کرانے کا آخری موقع دیتے ہوئے سماعت 15 جنوری تک ملتوی کر دی۔ جواب داخل نہ کرانے کی صورت میں کیس کی یکطرفہ کارروائی کی جائیگی۔ جسٹس خالد محمود خان نے کیس کی سماعت کی۔ درخواست گزار بیرسٹر جاوید اقبال جعفری نے بتایا کہ 64 سیاستدانوں اور معروف شخصیات نے 400 ارب ڈالر غیر قانونی طور پر بیرون ملک منتقل کئے اور قومی خزانے کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔ سرکاری وکیل نے وفاقی حکومت کا جواب داخل کرانے کیلئے عدالت سے مزید مہلت طلب کی۔ 64 افراد میں نواز شریف، شہباز شریف، پرویز الٰہی ، چوہدری شجاعت حسین، عمران خان، سردار ایاز صادق، اسحاق ڈار، جاوید ہاشمی، فاروق ستار، شیخ رشید، نجم سیٹھی، میاں منشائ، عاصمہ جہانگیر، خواجہ شریف، حمزہ شہباز شریف و دیگر شامل ہیں۔ درخواست گزار بیرسٹر جاوید اقبال جعفری نے عدالت کو بتایا کہ نواز شریف، شہباز شریف، پرویز الٰہی، چوہدری شجاعت حسین، عمران خان، سردار ایاز صادق، اسحاق ڈار، جاوید ہاشمی، فاروق ستار، نجم سیٹھی، میاں منشائ، عاصمہ جہانگیر، خواجہ شریف، حمزہ شہباز شریف، شاہد خاقان عباسی، رانا تنویر اور شیخ رشید نے 400 ارب ڈالر غیر قانونی طور پر بیرون ملک منتقل کئے اور قومی خزانے کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے صاحبزادوں نے برطانیہ میں 149 جائیدادیں خریدیں۔