• news

2750 کلومیٹر مار کرنے شاہین تھری بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ، پورا بھارت نشانے پر آ گیا

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان نے جنوبی بھارت اور بحر ہند میں بھارت کے زیرکنٹرول جزیروں تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل ’شاہین تھری‘ کا جمعہ کے روز کامیاب تجریہ کیا۔ 2750 کلومیٹر تک ہدف کو نشانہ بنانے والے اس ایٹمی میزائل کے کامیاب تجربہ کے بعد بھارت کا کوئی علاقہ پاکستانی میزائلوں کی رینج سے باہر نہیں۔ اس تجربے کا مقصد میزائل نظام کے ڈیزائن اور تکنیکی پہلوئوں کو جانچنا تھا۔ میزائل کا ہدف بحیرہ عرب میں تھا۔ میزائل نے ہدف کو 100 فیصد کامیابی سے نشانہ بنایا۔ میزائل کے تجربے کے موقع پر سٹریٹجک پلان ڈویژن، سریٹجک فورسز کے اعلیٰ افسران، سائنسدان اور انجینئر بھی موجود تھے۔ سٹریٹجک پلان ڈویژن کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل مظہر جمیل نے سائنسدانوں اور انجینئرز کو میزائل کے کامیاب تجربے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ تجربہ ملک کی دفاعی صلاحیت کو مزید مضبوط بنانے کی جانب ایک اور پیش رفت ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستان خطے میں پرامن بقائے باہمی کا خواہاں ہے۔ اس تجربہ سے پاکستان کا ایٹمی ڈیٹرنس اور مضبوط ہوگا اور ان کامیابیوں سے خطے میں سٹریٹجک استحکام کو مضبوطی ملے گی۔ وزیراعظم نواز شریف اور صدر ممنون حسین نے بھی میزائل کے کامیاب تجربے پر سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد دی۔ ایک ذریعہ کے مطابق پے لوڈ میں کمی کے ساتھ یہ میزائل تین ہزار کلومیٹر سے بھی زائد فاصلے تک مار کر سکتا ہے۔ شاہین تھری کی بدولت اب پاکستان کی جوابی ایٹمی حملہ کی صلاحیت مزید مستحکم ہو گئی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن