• news

ملک سے بد امنی کا خاتمہ، ادبی محافل کا انعقاد خوش آئندہے: انتظار حسین

لاہور (کلچرل رپورٹر) لاہور آرٹس کونسل کے زیر اہتمام سہ روزہ الحمرا عالمی ادبی و ثقافتی فیسٹیول گذشتہ روز الحمرا میں شروع ہوگیا۔ افتتاحی اجلاس کی صدارت معروف افسانہ نگار انتظار حسین نے کی۔ مہمان خصوصی مشیر وزیراعلیٰ پنجاب سلمان صوفی تھے۔ مقررین میں چیئرمین اکادمی ادبیات ڈاکٹر قاسم بگھیو، چیئرمین لاہور آرٹس کونسل عکاء الحق قاسمی، ایگزیکٹو ڈائریکٹر لاہور آرٹس کونسل کیپٹن (ر) عطا محمد خان، اداکار قوی خان، بھارتی ادیب کیول دھیر، جاوید چودھری، میاں اعجاز الحق، ثریا ملتانیکر، منو بھائی، بانو قدسیہ اور کمال احمد رضوی تھے۔ نظامت اصغر ندیم سید نے کی۔ انتظار حسین نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ اس فیسٹیول میں شرکت کر کے بہت اچھا لگ رہا ہے۔ کچھ عرصہ قبل ملک میں کہیں بم دھماکے ہو رہے تھے۔ کہیں ٹارگٹ کلنگ اور کہیں دہشت گردی اب ادبی و ثقافتی فیسٹول منعقد ہو رہے ہیحں۔ ایسی تقریبات کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے۔ اس خطے کے مسلمانوں کی ادب اور ثقافت میں بڑی خدمات رہی ہیں۔ ادب کے شعبہ میں شاعری اور شاعری میں خصوصاً غزل میں ہمارے شاعروں کا ایک خاص مقام رہا ہے۔ مہمان خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر سلمان صوفی نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف مصروفیات کی وجہ سے نہیں آئے، میں ان کی نمائندگی کے لئے حاضر ہوا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ شاعر اور ادیب بہت اہم لوگ ہیں اور حکومت نے ان کی خدمات کا ہمیشہ اعتراف کیا ہے۔ آئندہ جون سے گاڑیوں کی نمبر پلیٹوں پر نمبروں کے ساتھ فوت ہونے والے شاعروں اور ادیبوں کی تصاویر بھی لگائی جائیں گی۔ ڈائریکٹر کیپٹن (ر) عطا محمد خان نے کہا کہ لاہور آرٹس کونسل پچھلے 6 سال سے عالمی ادبی و ثقافتی فیسٹیول کا انعقاد کر رہی ہے۔ اتنے اہم فیسٹیول کا انعقاد چیئرمین لاہور آرٹس کونسل عطاء الحق قاسمی کا مرہون منت ہے۔

ای پیپر-دی نیشن