پرائم منسٹر ہیلتھ انشورنس سکیم کا باضابطہ افتتاح 17 دسمبر کو ہو گا
اسلام آباد (محمد نواز رضا/ وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کی سربراہی میں قائم ”تھنک ٹینک“ نے پرائم منسٹر ایجوکیشن ریفارمز کا آغاز کر دیا ہے۔ پہلے مرحلے میں یہ پروگرام وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور فاٹا میں شروع کیا جا رہا ہے جبکہ 17 دسمبر کو پرائم منسٹر ہیلتھ انشورنس سکیم کا باضابطہ طورپر افتتاح کیا جائے گا۔ پہلے مرحلے میں یہ سکیم وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور پنجاب میں شروع کی جائے گی۔ جب اس سلسلے میں تھنک ٹینک کے ایک رکن بیرسٹر چودھری دانیال تنویر سے استفسار کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ کینسر‘ ہیپاٹائٹس‘ شوگر‘ دل سمیت 10 امراض کا سرکاری علاج کرنے کے لئے صحت کارڈ جاری کیا جائے گا۔ اس کارڈ کا اجراءنادرا کے ذریعے کیا جائے گا۔ سرکاری کے علاوہ پرائیویٹ ہسپتال بھی پینل پر ہوں گے۔ ہسپتال کے بارے میں 10 شکایات موصول ہونے پر کارروائی ہو گی۔ مریضوں کو گردے کی تبدیلی اور دل کے بائی پاس علاج کی مفت سہولت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور فاٹا کے تعلیمی اداروں میں انگریزی کو لازمی مضمون قرار دے دیا جائے گا‘ اساتذہ کو خصوصی تربیت دی جائے گی‘ تعلیمی اداروں میں انگریزی زبان پر عبور رکھنے والے اساتذہ کو ٹیسٹ کے ذریعے بھرتی کیا جائے گا ہر سکول میں معذور بچوں کو دودھ اور بسکٹ فراہم کئے جائیں گے۔ پہلی بار اسلام آباد کے سکولوں میں نرسری اور پلے گروپ شروع کئے جائیں گے‘ نئی لیپ ٹاپ لیبارٹری قائم کی جائیں گی‘ غریب بچوں کو حکومت کی طرف سے مفت یونیفارم فراہم کی جائیں گی۔
ہیلتھ انشورنس