• news

آپریشن ضرب عضب کا ڈیڑھ سال:3400 دہشت گرد ہلاک،488 اہلکار شہید: فوجی ترجمان

اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) دہشت گردوں کیخلاف جاری آپریشن ضرب عضب سے گزشتہ ڈیڑھ سال کے دوران شاندار کامیابیاں ملیں، پاکستان افغانستان بارڈر کے قریب دہشت گردوں کے آخری ٹھکانوں کو کلیئر کیا جا رہا ہے، آپریشن ضرب عضب میں مجموعی طورپر 3400 دہشت گرد مارے گئے، گزشتہ 18 ماہ میں 183 انتہائی خطرناک دہشت گردوں کو ہلاک اور خفیہ معلومات پر 21193 کو گرفتار کیا گیا، آپریشن میں دہشت گردوں کے837 ٹھکانے تباہ کئے، بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیاگیا، دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن میں پاک فوج ایف سی اور رینجرز کے 488 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا، 1914 جوان زخمی ہوئے، اب تک 11 فوجی عدالتوں میں 142 کیسز بھیجے گئے، 55 مقدمات کا فیصلہ سنایا گیا، 87 مقدمات زیرسماعت ہیں، فوجی عدالتوں نے 31 دہشت گردوں کو سزائیں سنائیں، دہشت گردوں کی کمر توڑ دی ہے۔ دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن ضرب عضب کوڈیڑھ سال مکمل ہونے پر ٹویٹر پر اپنے بیان میں ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ ہے کہ شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کا نیٹ ورک اور انفراسٹرکچر تباہ کر دیا ہے۔ خفیہ اطلاعات پر ملک بھر میں 13200 آپریشنز کئے گئے، پوری قوم نے دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں پاک فوج کا بھرپور ساتھ دیا، ضرب عضب کے باعث ملک میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری آئی۔ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک آپریشن جاری رہیگا۔ شہید ہونے والوں میں فرنٹیر کور، خیبر پی کے، بلوچستان، سندھ رینجرز کے اہلکار شامل ہیں۔ پوری قوم نے ضرب عضب آپریشن کی حمایت کی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن