• news

ملک میں جمہوریت ہے، وزراء ’’مغل اعظم‘‘ نہیں، عوام نے پی ٹی آئی کو مسترد کردیا: سعد رفیق

نارووال (نامہ نگار) تبدیلی کنٹینر پر چڑھ کر باتوں سے نہیں بلکہ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے سے آتی ہے پاکستان ایٹمی طاقت ہے۔ عوام پی ٹی آئی کی پٹائی ووٹوں کے کوڑوں سے کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعدرفیق نے35کروڑ کی لاگت سے نارووال ریلوے جنکشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہ کہ پہلے مرحلے میں21ریلوے سٹیشن اپ گریڈ ہوں گے جن میں سب سے پہلے نارووال کا ریلوے سٹیشن ہے۔ خواجہ سعد رفیق نے پی ٹی آئی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ہم اپنی حکومت کی پالیساں میرٹ پر کر رہے ہیں 2013میں جب ہم کو حکومت ملی تو ملک کے دیگر اداروں کی طرح ریلوے بھی تباہی کے دہانے پر تھا۔ ملک کی معیشت کو دوبارہ پائوں پر کھڑا کرنے کیلئے ہر صوبہ کو مناسب حصہ دیا جارہا ہے اگر ہم اپنے حلقوں کو زیادہ نوازتے تو ایاز صادق والے حلقے میں ڈھائی ہزار ووٹ کی لیڈ سے نہ جیتتے بلکہ 12ہزار سے زائد ووٹ کی لیڈ لیتے۔ انہوں نے کہا کہ وزرا مغل اعظم نہیں ہوتے کیونکہ ملک جمہوریت ہے بادشاہت نہیں۔ پی ٹی آئی نے ملک کے 8ماہ دھاندلی کا ڈھنڈورا پیٹ کر تباہ کیے لیکن عوام نے انہیں اپنے ووٹوں کے کوڑوں سے مارا ہے۔ انہوں نے پی ٹی وی، وزیراعظم ہائوس اور پارلیمنٹ پر قبضہ کرنے کی کوشش کی جس پر عوام نے دیکھ لیا کہ یہ پارٹیاں ملک کے ساتھ کتنی وفادار ہیں اس لئے عوام نے بلدیاتی الیکشن میں انکو مسترد کر دیا ہے۔ کراچی دوبارہ روشنیوںکا شہر بن چکا ہے، بلوچستان کا امن واپس آرہا ہے، بجلی کے بحران پر کافی حدتک قابو پا لیاگیا ہے۔ پاکستان ریلوے کو ترقی کی طرف لے جارہے ہیں انشاء اللہ نارووال کی تمام بند ٹرینوں کو دوبارہ چلایا جائے گا۔ قبل ازیں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے اپنے خطاب میں کہا کہ ملک ترقی کی طرف گامزن ہیں صرف ان کو نظر نہیں آرہا جنہوں نے اپنی آنکھوں پر پیٹیاں باندھ رکھی ہیں۔ انکا کہنا تھا بلوچستان کے لوگ پاکستانی پرچم لہرانے سے ڈرتے تھے آج آزادی کا جشن منا رہے ہیں۔ افتتاحی تقریب سے ایم پی اے خواجہ محمد وسیم بٹ نے بھی خطاب کیا۔ اس سے قبل چیف ایگزیکٹو پاکستان ریلویز جاوید بوبک نے بتایا کہ نارووال ریلوے جنکشن پر تفریحی پارک کے علاوہ شاپنگ سنٹر اور دوسری وہ تمام مراعات دی جائیں گی جس سے عام آدمی کو فائدہ ہوگا۔ تقریب میں ایم پی اے رانا عبدالمنان احمد خان، ضلعی صدر مسلم لیگ ن ملک طارق اعوان، سعید الحق ملک کے علاوہ مسلم لیگی عہدیدار اور کارکن بھی موجود تھے۔

ای پیپر-دی نیشن