• news

داعش مسلمانوں کی نمائندہ نہیں، اتحاد کے ساتھ فتنہ کا مقابلہ کرنا ہوگا: مفتی اعظم

لاہور (آئی این پی ) مفتی اعظم سعودی عرب الشیخ عبدالعزیز بن عبداللہ بن عبداللطیف نے کہا کہ داعش مسلمانوں کی نمائندہ نہیں ہے۔ انتہاپسندی، دہشت گردی اور فرقہ وارانہ تشددکے خاتمے کیلئے مسلمانوں کو اپنی جدوجہد جاری رکھنی ہوگی۔ اسلام امن اور سلامتی کا دین ہے اور مسلمانوں کو مصائب سے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔ وہ پاکستان علماء کونسل کے پانچ رکنی وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کررہے تھے۔ وفد کی قیادت مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کر رہے تھے۔ انکے ساتھ مرکزی سیکرٹری جنرل صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی، ڈاکٹر راسخ کشمیری اور حافظ محمد امجد بھی موجود تھے۔ مفتی اعظم سعودی عرب نے کہا کہ پاکستان کے مسلمانوں کو واحدت اور اخوت کے ساتھ حالات کا مقابلہ کرنا چاہئے اور پاکستان میں دہشت گردی اور انتہاپسندی کیخلاف پاکستانی عوام ، علماء اور حکومت نے دہشت گردی اور انتہاپسندی کیخلاف جو جدوجہد کی ہے اور کر رہی ہے وہ قابل تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی حالات سے مسلمانوں کو پریشان ہونے کی بجائے اللہ کی طرف رجوع کرنا چاہئے اور قرآن و سنت کو اپنی زندگیوں میں لانا چاہئے۔ سیرت مصطفی ؐہی ہمیں ان تمام مصائب سے نکال سکتی ہے۔ مسلمانوں کو اتحاد اور اتفاق کے ساتھ تمام فتنوں کا مقابلہ کرنا ہے اور شامیوں کی جدوجہد انشااللہ کامیاب ہوگی۔

ای پیپر-دی نیشن