مقبوضہ کشمیر: ہندو انتہا پسند رہنما کے گستاخانہ ریمارکس کے خلاف مکمل ہڑتال، مظاہرے
سرینگر(آن لائن/سپیشل رپورٹ)مقبوضہ کشمیرکے مختلف شہریوں میں ہندو مہاسبھا کے رہنما کملیش تیواڑی کے توہین آمیز ریمارکس کے خلاف ہڑتال کی گئی۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سوپور، سامبورہ ، پامپور اور کاکہ پورہ کے علاقوں میں ہڑتال کے باعث دکانیں، کاروباری ادارے بند جبکہ سڑکوں پر ٹریفک معطل رہی ۔ سرینگر کے علاقے مائسمہ میں بھی ہڑتال کی گئی۔ہندو رہنما نے بھارتی ریاست اترپردیش میں آنخضور ؐ کی شان میں توہین آمیز مواد پر مشتمل پمفلٹ تقسیم کیے تھے۔ دریں اثنا لوگوں نے سرینگر کے علاقے صراف کدل اور راجوری کدل میں سڑکوں پر آکر بھارت مخالف مظاہرے کیے۔ ڈیموکرٹیک فریڈم پارٹی نے شبیر شاہ کی گھر میں مسلسل غیر قانونی نظر بندی کی شدید مذمت کی ہے۔ نیشنل فرنٹ کے چیئر مین نعیم خان نے کہا ہے کہ بھارت اگر تنازعہ کشمیر کو بات چیت کے ذریعے حل میں سنجیدہ اور مخلص ہے تو وہ جموں وکشمیر کو متنازعہ علاقہ تسلیم کر کے یہاں سے فوجی انخلا عمل میں لائے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق نعیم احمد خان نے اسلام آباد کے ایم ڈی چوک میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مظالم اور بات چیت ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔ کپواڑہ کی ایک عدالت نے تین شہریوںکے اغوا میں ملوث بھارتی فوج کے ایک اہلکار کے ریمانڈ میں پیر تک توسیع کر دی ہے۔ ادھر ضلع کپواڑہ میں مسافروں سے کچھا کھچ بھری ایک گاڑی الٹ جانے سے 15افراد زخمی ہو گئے۔مزید براںبھارتی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے پارلیمنٹ میں کو بتایا ہے کہ حالیہ کچھ ماہ سے جموں کشمیر میںسرحد پار کی دراندازی کے واقعات میں کافی حد تک کمی آئی ہے۔ تاہم وزیر داخلہ نے دعویٰ کیا کہ دراندازی کا سلسلہ ختم نہیں ہوا۔ بھارتی وزیرداخلہ نے کہا کہ کشمیر میں امن کی صورتحال میں کافی بہتری آئی ہے۔ لوک سبھا میں راجناتھ سنگھ نے بتایا کہ داعش جیسی تنظیم اب کسی ایک خطے تک محدود نہیں ہے بلکہ اب یہ عالمی چیلنج کے طور پر سامنے آ رہی ہے اور اس کے خلاف سب ممالک کومتحد ہو کر لڑنے کی فوری ضرورت ہے۔ بھارت بھی داعش کے کسی بھی طرح کے امکانی خطرے سے نمٹنے کے لیے تیار ہے ۔ دریں اثناء بھارت کے شہر اترپردیش میں ہندو انتہا پسند لیڈر کملیش تیواڑی کی طرف سے گستاخانہ کلمات کیخلاف اترپردیش کے شہر بنگال آوو میں ہزاروں مسلمانوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا جس سے شہر میں کئی گھنٹے ٹریفک جام رہی۔ مسلمانوں نے اپنے جلوس میں کملیش تیواڑی کیخلاف نعرے بازی کی۔