• news

سانحہ آرمی پبلک سکول کی پہلی برسی پرسوں ہو گی، 15 اور 16 دسمبر کو خیبر پی کے میں عام تعطیل کا اعلان

لاہور (این این آئی) آرمی پبلک سکول پشاور کے شہداءکی پہلی برسی 16دسمبر بدھ کے روز منائی جائے گی، اس دن کی مناسبت سے ملک بھر میں شہداءکی روح کے ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی، فاتحہ خوانی اور تعزیتی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا، جس میں اعلیٰ شخصیات شریک ہوں گی، خیبر پی کے حکومت نے 15اور 16دسمبر کو عام تعطیل اور برسی کو سرکاری سطح پر منانے کا اعلان کیا ہے۔ پنجاب حکومت کی طرف سے آرمی پبلک سکول پشاور کے شہداءکی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ہفتہ شہداءمنایا جارہا ہے۔ اس روز سول سوسائٹی کی طرف سے مختلف مقامات پر شمعیں بھی روشن کی جائیں گی۔ پشاور میں دو بڑی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا جس میں ایک تقریب آرمی پبلک سکول اور دوسری تقریب آرکائیوز لائبریری ہال میں منعقد ہوگی جس میں اعلی سیاسی قیادت، فوج کے اعلی حکام اور شہدا ءکے لواحقین شرکت کرینگے۔ تقریبات کے پیش نظر سکیورٹی انتظامات سخت کر دئیے گئے اور پشاور کے داخلی و خارجی راستوں پر پولیس کی اضافی ناکہ بندیاں قائم کرکے علاقہ غیر سے آنے والی گاڑیوں و افراد کی سختی سے چیکنگ شروع کر دی گئی۔ پشاور میں 16 دسمبر کو موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد ہو گی اس بات کا فیصلہ پولیس حکام کے اجلاس میں کیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن