رحیم یار خان: سفاک شخص نے روٹھ کر میکے بیٹھی بیوی، 2 بچوں پر تیزاب ڈال دیا
رحیم یارخان (کرائم رپورٹر) گھریلو ناچاقی پر روٹھ کر میکے بیٹھی بیوی اور بچوں پر نکھٹو اور سفاک شوہر نے بیوی اور دو بچوں پر تیزاب انڈیل دیا۔ بیوی اور ایک بچے کی آنکھیں ضائع ہونے کا خدشہ ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزم کی تلاش شروع کردی۔ تفصیل کے مطابق بابا غریب شاہ کی رہائشی 22سالہ ثمرین جس کی شادی 8 سال قبل چوک سویترا کے رہائشی محمد شاہد سے ہوئی تھی تاہم شاہد کے کوئی کام کاج نہ کرنے کے باعث میاں بیوی میں جھگڑا رہتا تھا۔ تنگ آ کر ثمرین اپنے 2 بیٹوں 6سالہ محمد ذیشان اور2سالہ محمد کامران کو لیکر اپنے والد کے گھر آ گئی گزشتہ روز شوہر محمد شاہد دیوار پھلانگ کر علی الصبح سسرال کے گھر میں داخل ہوا اور بیوی ثمرین اور 2 بیٹوں ذیشان اور کامران پر تیزاب انڈیل دیا جس کے نتیجہ میں بیوی ثمرین اور 2سالہ کامران بری طرح جھلس گئے جبکہ ذیشان بھی تیزاب گرنے کے باعث زخمی ہوا جنہیں فوری طور پر طبی امداد کیلئے شیخ زید ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں ذرائع نے بتایا کہ ثمرین اور کامران کی آنکھیں ضائع ہونے کا خدشہ موجود ہے تاہم تیزاب گردی کا شکار ہونے والے ماں بیٹوں کو ہسپتال میں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے جبکہ محمد شاہد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا بعد ازاں پولیس نے ملزم کے خلاف زیر دفعہ336/B کے تحت مقدمہ درج کرکے تلاش شروع کردی۔