دہشت گردی کا خاتمہ عوام کی آواز ہے، حکومتی کوششوں سے اندھیرے دور ہونگے: شہباز شریف
لاہور(خبرنگار)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں حکومت عوام کے مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہیں، دہشت گردی اور توانائی بحران کے خاتمے کیلئے کی جانیوالی مخلصانہ کاوشیں بار آور ثابت ہورہی ہے، ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ 18کروڑ عوام کی آواز ہے اور پوری قوم دہشت گردوں کا مکمل صفایا کر کے ملک کو امن و سلامتی کا گہوارہ بنانے کا عزم کرچکی ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہزاروں پاکستانی اپنی جانیں نچھاور کرچکے ہیں، یہ عظیم قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور ملک سے آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔ حکومت کی کوششوں سے پاکستان محفوظ اور پرامن ملک بنے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ دہشت گردی اور توانائی بحران کا خاتمہ کیے بغیر ترقی اور خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔ پاک افواج نے آپریشن ضرب عضب کے ذریعے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو نکیل ڈال دی ہے جبکہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت انسداد دہشت گردی کے حوالے سے پنجاب میں موثر اقدامات کیے گئے ہیں۔ وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں پاکستان بھر میں توانائی کے متعدد منصوبوں پر تیزرفتاری سے کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2017ء کے اختتام تک توانائی منصوبوں کی تکمیل سے نیشنل گرڈ میں ہزاروں میگاواٹ بجلی شامل ہوگی۔ حکومت کی کاوشوں سے پاکستان محفوظ اور پرامن ملک بنے گا۔ پاکستان کے اندھیرے دور ہوںگے اور ملک کا قریہ قریہ روشن ہوگا۔ علاوہ ازیں شہباز شریف سے پاکستان میں برطانیہ کے ہائی کمشنر فلپ بارٹن نے ملاقات کی، برطانوی ہائی کمشنر فلپ بارٹن نے برطانیہ کے کامیاب دورے پر وزیراعلیٰ شہبازشریف کو مبارکباد دی۔ شہبازشریف نے برطانوی ہائی کمشنر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ پاکستان کا بڑا تجارتی پارٹنر ہے اور دونوں ملکوں میں معاشی تعاون بڑھ رہا ہے ۔ تعلیم، صحت، سکل ڈویلپمنٹ، سکیورٹی اور دیگر شعبوں میں برطانیہ کے بڑھتے ہوئے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ حالیہ دورہ برطانیہ میرے سیاسی کیرئیر کا کامیاب ترین دورہ تھا، دورہ برطانیہ کے دوران میرے وفد کو غیر معمولی پذیرائی دی گئی، جس پر برطانوی حکومت کے شکرگزار ہیں اس دورے سے پنجاب حکومت اور برطانیہ کے درمیان تعاون کی نئی راہیں کھلی ہیں ۔ برطانیہ کے ہائی کمشنر فلپ بارٹن نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی قیادت میں حکومت نے وسائل کا رخ عوام کی فلاح کی طرف موڑ رکھا ہے اور فلاح عامہ کے منصوبوں کے لئے وسائل کے درست اور شفاف استعمال کا کریڈٹ پنجاب کے وزیر اعلی شہباز شریف کو جاتا ہے، برطانیہ میں بھی آپ کو ایک انتھک محنتی اور پرخلوص لیڈر کے طورپر جانا جاتا ہے۔ مزید برآں شہباز شریف سے لندن میٹروپولیٹن پولیس سروس کے وفد نے ملاقات کی، جس میں پنجاب پولیس میں اصلاحات اورسیف سٹیز پراجیکٹ پر تبادلہ خیال ہوا۔ شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کے نظام میں اصلاحات وقت کا اہم تقاضا ہے۔ پولیس نظام جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے لندن میٹرو پولیٹن پولیسنگ سسٹم کے تجربات سے استفادہ کریں گے۔ پولیس نظام میں اصلاحات کے ساتھ احتساب اور پبلک سیفٹی سسٹم بھی انتہائی ضروری ہے اور اس ضمن میں لندن میٹرو پولیٹن کے وفد کے ارکان پنجاب حکومت کے اعلی حکام کے ساتھ ملکر روڈ میپ کو جلد حتمی شکل دیں۔ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے شہروں کو محفوظ بنانے کے پروگرام کے حوالے سے لندن میٹروپولیٹن پولیس کی تکنیکی معاونت کا خیر مقدم کریں گے۔ سیف سٹیز پراجیکٹ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ برطانیہ کی معاونت سے منصوبے کو تیزی سے آگے بڑھا ئیں گے۔ میں ذاتی طورپر سیف سٹیز پراجیکٹ اور پولیس نظام میں اصلاحات پروگرام کی نگرانی کروں گا۔ لندن میٹروپولیٹن پولیس سروس کے وفد نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف کے ویژن کے مطابق پولیس نظام میں اصلاحات اور سیف سٹی پراجیکٹ میں معاونت کیلئے تیار ہیں ۔